m#فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2025ء) وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے اشتراک سے حاصل ہونے والی سیاسی ، دفاعی اور معاشی کامیابیوں نے پاکستان کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا اہل بنا دیا ہے جبکہ موجودہ حکومت کے دور میں قوم اور ملک کو نئی خوشخبریاں سننے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص میںبھی واضح بہتری آئی، پاک سعودی عرب دفاعی معاہدے کے بعد اب افغانستان سے پاکستان میں دہشت گرد حملہ سعودی عرب پر بھی حملہ تصور کیا جائے گا، پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ ہمارے ازلی دشمن بھارت کے لیے بڑا دھچکا ہے، آن لائن کے مطا بق ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر آف کامرس میں خطاب اور نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ، رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 2017-18ء میں جب انہوں نے فیصل آباد چیمبر کا دورہ کیا تھا تو شہر کے حوالے سے نہ سڑکوں اور واسا کے مسائل تھے مگراِس کے بعد ملک کو دیوالیہ کی طرف دھکیل دیا گیا۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ ہمیں پی ڈی ایم کے تحت مختصر عرصہ کیلئے حکومت ملی مگر یہ سارا وقت معیشت کو بہتر بنانے میں صرف ہوا اور نتیجتاً ہمیں آئی ایم ایف پروگرام میں جانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی خواہش کے باوجود بزنس کمیونٹی کی تجاویز پر عملدرآمد کو موخر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اُن مواقعوں کا ذکر کیا جب عالمی سطح پر پاکستان ایک پر وقار ملک کے طور پر ابھر کے سامنے آیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلاموقع 28مئی 1998ء کو ملا جب بھار ت کے 5دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکے کر کے پاکستان دنیا کی پہلی اسلامی قوت بنا۔ دوسرا موقع اس سال 22اپریل سے 11مئی کے دوران ملا جب پاکستان نے ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا اور دنیا نے بھی ہمارے موقف اور کامیابیوں کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس وجہ سے ممکن ہوا کیونکہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت یکجا تھی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدے کے بعد سعودی عرب پر حملہ پاکستان اور پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر بھی حملہ تصور کیا جائے گا اور اس کا جواب اس طرح سے دیا جائے گا جیسے معرکہ حق میں بھارت کے خلاف حقِ دفاع استعمال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دفاعی معاہدے کے بعد اب افغانستان سے پاکستان میں دہشت گرد حملہ سعودی عرب پر بھی حملہ تصور کیا جائے گا اور اس کا جواب اسی طرح دیا جائے گا جیسے معرکہ حق میں بھارت کو دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تیسرا موقع 17ستمبر کو آیا جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ ہوا۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ کاروباری معاملات میں شفافیت کے ذریعے دنیا میں پاکستان کی معاشی قوت کا لوہا منوائیں۔ انہوں نے فیڈمک میں چیمبر کے نئے پلاٹ کی گرائونڈ بریکنگ ، چیمبر کی موجودہ عمارت کی تزئین وآرائش اور چیمبر میں نادرا کے آفس کا افتتاح بھی کیا۔
رانا ثناء اللہ خاں نے بزنس کمیونٹی کے علاوہ صحافیوں کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فیصل آباد کیلئے بڑی رقم مختص کی تھی مگر سیلاب کی وجہ سے اس میں کٹوتی کرنا پڑی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 6سے 7سالوں سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور انفراسٹرکچرپر کام نہیں ہوا۔
انہوں نے فیصل آباد میں کینسر ہسپتال کے قیام کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے بات چیت کا یقین دلایا۔ اس سے قبل سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں اور دیگر مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے پر وزیر اعظم اُن کی پوری ٹیم اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد پیش کی او رمطالبہ کیا کہ فیصل آباد میں ترجیحی بنیادوںپر ایکسپو سنٹر اور نئے ائیر پورٹ کی تعمیر جبکہ موجودہ ائیر پورٹ میں کارگو ہینڈلنگ کی اجازت دلائی جائے۔
انہوںنے بتایاکہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خاں نے فیصل آباد۔ پنڈی بھٹیاں موٹر وے کو 4سے چھ لین کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے جس کا باضابطہ اعلان وہ فیصل آباد چیمبر کے دورے کے دوران کرنا چاہتے تھے مگر حالیہ سیلاب کی وجہ سے وہ نہ آسکے۔ گروپ ہیڈ میاں محمد ادریس نے صدر چیمبر کی طرف سے پیش کئے جانے والے مطالبات کی حمایت کی اور رانا ثناء اللہ خاں کو بھاری اکثریت سے سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
اس دوران رانا ثناء اللہ نے بٹن دبا کے فیصل آباد چیمبر کی رئیل ٹائم ڈیجیٹلائزیشن کا بھی افتتاح کیااور یقین دلایا کہ چیمبر کے تمام مسائل کے حل کیلئے وہ ہر وقت دستیاب ہیں اُن کی وزیر اعظم یا متعلقہ وزارتوں کے سربراہوں سے ملاقات کرانے کا نہ صرف فوری اہتمام کریں گے بلکہ اُن کو حل کرانے کیلئے اپنا پورا اثر و رسوخ بھی بروئے کار لائیں گے۔
آخر میں میاں جاوید اقبال نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور صدر چیمبر ریحان نسیم بھراڑہ کے ہمراہ سینیٹر رانا ثناء اللہ کو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے کو آرڈی نیٹر رانا احسان افضل خاں، میاں عبدالمنان، شیخ اعجاز احمد، سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا ، انجینئر عاصم منیر، صداقت لودھی، بلال جمیل، چوہدری طلعت محمود ، ایوب اسلم منج، نبیل یوسف ، یوسف موتی ، اشرف مغل، حاجی محمد عطاء اللہ، نوید گلزار، بائو اکرم اور دیگر تاجر لیڈر بھی موجود تھی