ہماری سفارتی کامیابیاں اور پاکستان کی ترقی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، وزیراعظم

دہشتگردی کے واقعات میں ہمارے مشرقی ہمسائے کا ہاتھ ہے، سیاسی و عسکری قیادت نے مل کر یہ دہشتگردی ختم کرنی ہے، آخری فسادی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی؛ شہباز شریف کا اجلاس میں خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 جولائی 2026 17:37

ہماری سفارتی کامیابیاں اور  پاکستان کی ترقی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2026ء) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کوئٹہ میں صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان، وفاقی وزرا عطا تارڑ، احد چیمہ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی، نیشنل ایکشن پلان کے اس اجلاس میں صوبے میں امن و استحکام کے قیام سے متعلق اہم فیصلوں اور اقدامات کی منظوری دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے فتنے کے مکمل خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور آخری فسادی و دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، دہشتگردی کے واقعات میں پولیس، فوج کے جوان اور شہری شہید ہوئے ہیں، افواجِ پاکستان نے بڑی قربانیاں دیں اور خون کا نذرانہ پیش کیا، جس پر پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے ان واقعات میں ہمارے مشرقی ہمسائے کا ہاتھ ہے، دہشتگرد تنظیموں کو اسلحہ و پیسہ فراہم کیا جا رہا ہے، دہشتگرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، خیبرپختونخواہ میں بھی دہشتگردی کی کارروائیوں میں خارجی ملوث ہیں، سیاسی و عسکری قیادت ملک سے دہشتگردی اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے مکمل طور پر یکسو ہے، گزشتہ سال مئی میں معرکہ حق کی کامیابی اور پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں، شہدا کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور پاکستان جلد ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔

واضح رہے کہ بدھ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا تھا کہ گزشتہ 4 روز کے دوران صوبہ بلوچستان میں دہشت گردی کے 3 بڑے واقعات رونما ہوئے، جن میں 42 قیمتی جانیں گئیں، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 54 خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، ان حملوں کا مقصد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا تھا اور یہ سب کچھ بھارت کروا رہا ہے، تاہم بلوچستان کے بہادر عوام اور فورسز نے اس کا دلیری سے مقابلہ کیا۔