امریکہ اور برطانیہ میں سردی کے 20سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے، نظام زندگی معطل، کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ،ہزاروں پروازیں منسوخ،حفاظتی اقدامات کے بغیر باہر نکلے تو 5منٹ میں جسم جم سکتا ہے، محکمہ موسمیات کا انتباہ، برطانیہ میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے 20سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ، ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا

پیر 6 جنوری 2014 08:35

لندن/نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء)امریکا کی مڈ ویسٹ اور شمال مشرقی ریاستوں میں 2دہائیوں کے بعد شدید ترین سرد موسم کا سامنا ہے۔ کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ،نظام زندگی معطل،شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت،ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگربغیر حفاظتی اقدامات کے سردی میں نکلا گیا تو محض 5منٹ میں جسم جم سکتا ہے۔

جبکہ برطانیہ میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے 20سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔لندن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق برطانیہ میں سیلاب کی صورتحال نے تباہی کا 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔برطانوی ماحولیاتی ادارے نے جنوبی اور مغربی انگلینڈ کے ساحلی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

ویلز کے ایک قصبے میں طاقتور لہروں اور طوفانی ہواؤں نے ساحلی دیوار کو توڑ دیا جس کے بعد ساحل کنارے آباد تقریباً 100 افراد کومحفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ برطانوی ماحولیاتی ادارے نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور سیلاب کی نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے ملک بھر میں ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔ سسیکس کاو?نٹی کے ساحل پر پہاڑی کا ایک بڑا ٹکڑا گر کر سمندر میں جاگرا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق برطانیہ بھر میں شدید موسلادھار بارشوں کے بعد موسم کے سرد ترین ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب امریکا کی مڈ ویسٹ اور شمال مشرقی ریاستوں میں 2دہائیوں کے بعد شدید ترین سرد موسم کا سامنا ہے۔ کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ،نظام زندگی معطل،شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت،ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

امریکا میں شدید برفانی طوفان کے بعد شہریوں کو سخت سردی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی امریکا کے میدانی علاقوں سمیت ریاست اوہایو اور شمالی اور جنوبی ڈکوٹا سردی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگربنا حفاظتی اقدامات کے سردی میں نکلا گیا تو محض 5منٹ میں جسم جم سکتا ہے۔

شہریوں کو گھروں کے اندر بھی ٹھنڈ سے بچنے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے۔ کئی ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 30سے نیچے گرگیا ہے اور تیز سرد ہواؤں کے ساتھ مزید سردی پڑنے کا امکان ہے۔ سردی سے متاثرہ کئی ریاستوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔ گھر، سڑکیں، گاڑیاں برف سے ڈھکی ہوئی ہیں اور لوگ سخت سردی سے ٹھٹھر رہے ہیں۔ ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوچکا ہے۔ طوفان سے متاثرہ ریاستوں میں ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں۔