آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ ،کوارٹر فائنلز راؤنڈ میں پاکستان نے سری لنکا ، انگلینڈ نے بھارت کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، پاکستانی اوپنرز سمیع اسلم اور امام الحق کی شاندار 177رنز کی شراکت نے جیت میں اہم کردار ادا کیا، سمیع اسلم 95، امام الحق 82 اور کامران غلام 52رنز بنا کر نمایاں رہے، بنگلہ دیش نے کینیڈا اور زمبابوے نے نمیبیا کو شکست دیدی، آج کواٹر فائنلز میں افغانستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ ، ویسٹ انڈیز کا آسٹریلیا سے ہوگا

اتوار 23 فروری 2014 07:09

دبئی /شارجہ/ ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23فروری۔2014ء) آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کوارٹر فائنلز راؤنڈ میں پاکستان نے سری لنکا جبکہ انگلینڈ نے بھارت کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ، پاکستانی اوپنرز سمیع اسلم اور امام الحق کی شاندار 177رنز کی شراکت نے جیت میں اہم کردار ادا کیا سمیع اسلم 95، امام الحق 82 اور کامران غلام 52رنز بنا کر نمایاں رہے ، دوسرے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے 3وکٹوں سے شکست دیدی جبکہ دیگر میچوں میں بنگلہ دیش نے کینیڈا اور زمبابوے نے نمیبیا کو شکست دیدی ، کوارٹر فائنل مقابلوں میں آج ا افغانستان کا مقابلہ جنوبی افریقہ جبکہ ویسٹ انڈیز کا آسٹریلیا کے ساتھ ہوگا ۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز اسکور کئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے کپتان سمیع اسلم اور امام الحق کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 177 رنز بنے، سمیع اسلم نے 95، امام الحق نے 82 اور کامران غلام نے 52 رنز اسکور کئے۔ سری لنکا کی جانب سے بنورا فرنینڈو نے 4، انوک فرنینڈو نے 2 جب کہ اے کے ٹیرونی نے ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

280رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 42.3اوورز میں 158رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی سری لنکا کی طرف سے پریرا نے 68، سمارا ورکراما 61رنز بنا کر نمایاں رہے پاکستان کی جانب سے ضیاء الحق ، کرامت علی ، ظفر گوہر اور کامران غلام نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا سمیع اسلم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے ۔ انڈر 19ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن بھارت کو دلچسپ کے مقابلے کے بعد شکست دیکر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا بھارت نے انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا بھارت کے ابتدائی 4کھلاڑی صرف 60رنز پر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد ہودا اور سرفراز خان نے ٹیم کو سنبھالا دیا ہودا 68اور سرفراز خان 52رنز بنا کر نمایاں رہے ۔

جواب میں انگلینڈ کے بھی ابتدائی کھلاڑی جلد پویلین لوٹ گئے مگر بعد میں آنے والے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ ہدف 45.3اوورز میں 222رنز 7وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا انگلینڈ کی جانب سے بی ایم ڈکٹ 61، کلارک 42 او رجونز 28رنز کے ساتھ نمایاں رہے بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو نے 46 رنز دیکر 3 جبکہ میلنڈ، مونو کمار، ہودا اورگینی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی انگلینڈ کی طرف سے بی ایم ڈکیٹ کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ دیا گیا ۔

دریں اثناء نویں پوزیشن کیلئے کھیلے گئے ایک میچ میں زمبابوے نے نیمبیا کو 6وکٹوں سے شکست دے دی زمبابوے کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا نیمبیا کی ٹیم مقررہ 50اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 194رنز بنائے نیمبیا کی طرف سے اوپنر آر اے ایچ پچرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 78رنز بنائے جبکہ لوفٹی ایٹون 45، ایم جی اریسمس 24، سمتھ 21 رنز بنا کر نمایاں رہے نیمبیا کے 2کھلاڑی بغیر کوئی رنز بنائے جبکہ ویسلز نے 8 اور ڈیپلورٹ 2رنز بنا سکے ۔

زمبابوے کی طرف سے میپو نے 31رنز دیکر 4 جبکہ گیل نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم نے ہدف4وکٹوں کے نقصان پر 55اوورز قبل مکمل کرلیا ۔ زمبابوے کی طرف سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بورل نے 55رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جبکہ اوپنر گیمبی 37، گیل 37،ایم بی لیک 39رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ نیمبیا کی طرف سے ڈیپلورٹ نے 23رنز دیکر 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا گیل کو شاندار پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔

دوسری جانب ابو ظہبی میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں بنگلہ دیش نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کینیڈا کو 9وکٹوں سے شکست دیدی بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے باؤلروں نے درست ثابت کردیا اور عمدہ باؤلنگ کی بدولت کینیڈا کی پوری ٹیم 27.1اوورز میں 75رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی کینیڈا کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے کے ٹینٹو 16، ابریشن خان 12 اور ٹی شیخ 10رنز بنا کرنمایاں رہے جبکہ کینیڈا کے 3کھلاڑی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے جن کو ملا کر کینیڈا کے 8کھلاڑی ڈبل فیگر کراس نہ کرسکے ۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مصطفیز الرحمن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 11رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، سعید سرکار اور مہدی حسن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نظام الدین نے ایک وکٹ حاصل کی 75رنز کے تھوڑے ٹوٹل کے جواب میں بنگلہ دیش نے مقررہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 13.5اوورز میں حاصل کرلیا بنگلہ دیش کی جانب سے صدام اسلام نے 40گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 35 جبکہ جوریز شیک نے 33 رنز بنائے بنگلہ دیش کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوریز شیک تھے جنہیں اروند کپور نے آؤٹ کیا محمد صدام کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا ۔ کوارٹر فائنلر مرحلے دیگر مقابلوں میں آج اتوار کو افغانستان اور جنوبی افریقہ جبکہ آ سٹریلیا کا مقابلہ ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہوگا ۔