سوچی اولمپکس،روس نے 13 طلائی تمغوں کے ساتھ میڈل ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن یقینی بنا لی

پیر 24 فروری 2014 05:32

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24فروری۔2014ء)روس کے تفریحی مقام سوچی میں منعقد ہونے والے سرمائی اولمپکس مقابلے اتوار کو اختتام پذیر ہو رہے ہیں اور روس نے مقابلوں کے آخری دن مزید دو طلائی تمغے جیت کر میڈل ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن یقینی بنا لی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مقابلوں کے آخری دن روس نے باب سلے اور کراس کنٹری سکی انگ میں طلائی تمغے جیتے۔

ان مقابلوں میں ناروے نے دوسری اور کینیڈا نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔کھیلوں کا اختتام اتوار کو کینیڈا اور سویڈن کے درمیان مردوں کی آئس ہاکی کے فائنل میچ پر ہوگا لیکن اس میں کینیڈا کی فتح کی صورت میں بھی میڈل ٹیبل پر کسی تبدیلی کا امکان نہیں۔روسی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ فشٹ سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی اختتامی تقریب سب کو حیران کر دے گی۔

(جاری ہے)

اتوار کو ہونے والی پچاس کلومیٹر کراس کنٹری سکی انگ میں روس کے الیگزینڈر لیگکوف نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔انھوں نے اعشاریہ سات سیکنڈ کے فرق سے یہ ریس جیتی جو کہ سرمائی اولمپکس کی تاریخ میں پچاس کلومیٹر ریس میں آج تک سب سے کم فرق سے جیتی گئی دوڑ ہے۔اس جیت کے بعد روس کے طلائی تمغوں کی کل تعداد بارہ ہوگئی تھی لیکن بعد میں چار رکنی مرد روسی ٹیم نے باب سلے میں تیرہواں طلائی تمغہ حاصل کر کے روس کی میڈلز ٹیبل پر برتری یقینی بنا دی۔

اس وقت ناروے 11 طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کینیڈا نے دس طلائی تمغے جیتے ہیں اور وہ اتوار کو کھیلے جانے والے آئس ہاکی کے فائنل میں طلائی تمغہ جیت بھی لے تو روس کی پوزیشن کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ان کھیلوں کے آغاز سے قبل دہشت گرد حملوں کے خطرے اور ہم جنس پرستوں کے خلاف قانون پر مظاہروں کے خدشات حاوی تھے۔تاہم بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیخ نے ان کھیلوں کو ’زبردست‘ قرار دیا اور کہا کہ سوچی نے ان خدشات کا مقابلہ کیا اور بہترین اولمپک منعقد کیے۔

انہوں نے کہا کہ ’ کھیلوں کا زبردست طریقے سے انعقاد کیا گیا اور شاید اولمپکس سے قبل روسی منتظمین پر تنقید کرنے والوں کی رائے بدل جائے۔لیگکوف اس سے قبل کلومیٹر ریلے میں چاندی کا تمغہ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’یہ جیت میری جان سے بھی زیادہ قیمتی ہے۔ میں بیان نہیں کر سکتا کہ میں کیسا محسوس کر رہا ہوں۔ میں پندرہ برس سے اس نتیجہ کے لیے کوشاں تھا۔

متعلقہ عنوان :