گذشتہ دس سے بارہ سالوں میں شروع ہونے والے مواصلات کا ایک منصوبہ بھی مکمل نہیں ہو سکا ،قومی اسمبلی میں انکشاف،حکومت کوشش کرے گی کہ تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیاجائے ، ناقص میٹریل والی شاہراہوں کی جانچ پڑتال کرینگے ، شیخ آفتاب ،یومیہ اڑھائی کروڑ کا خام تیل چوری ہورہا ہے ؟حکومت نے کیا کیا؟ ایک رکن کا سوال،اس معاملے پر نیا سوال لائیں، پارلیمانی سیکرٹری کا جواب، معاملہ قومی اہمیت کاہے معزز رکن کو جواب دیا جائے روزانہ کی بنیاد پر اڑھائی کروڑ کی چوری قابل تشویش ہے،سپیکر

جمعرات 15 مئی 2014 07:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مئی۔2014ء) قومی اسمبلی میں حکومت نے وقفہ سوالات کے دوران انکشاف کیاگیا ہے کہ گزشتہ دس سے بارہ سالوں میں شروع ہونے والے مواصلات کا ایک منصوبہ بھی مکمل نہیں ہو سکا ، حکومت کوشش کرے گی کہ تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کیاجائے ، ناقص میٹریل والی شاہراہوں کی جانچ پڑتال کرینگے ، توانائی بحران کے حل کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نے انکشاف کیاہے کہ یومیہ اڑھائی کروڑ روپے کا خام تیل چوری ہورہا ہے حکومت نے اس حوالے سے کیا اقدامات کئے ؟ اس معاملے پر نیا سوال لائیں، پارلیمانی سیکرٹری کا جواب ، سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ معاملہ قومی اہمیت کاہے معزز رکن کو جواب دیا جائے روزانہ کی بنیاد پر اڑھائی کروڑ کی چوری قابل تشویش ہے ۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران تحریک انصاف کے رکن شہباز خان نے انکشاف کیا کہ اڑھائی کروڑ روپے کا یومیہ خام تیل چوری ہورہا ہے اس پر حکومت وضاحت پیش کرے جس پر پارلیمانی سیکرٹری برائے قدرتی وسائل شہزادی عمر زادی نے کہا کہ چونکہ اس سوال کا تعلق تحریری سوال سے نہیں اس لیے نیا سوال کیا جائے جس پر سپیکر نے کہا کہ نیا سوال ضرور آجائے گا مگر یہ انتہائی اہم نوعیت اور قومی اہمیت کا معاملہ ہے اس پر حکومت وضاحت کرے اور رکن کی طرف سے سن کر اس پر وضاحت کی جائے ۔

رکن کمیٹی صاحبزادہ طارق اللہ کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ سچ یہ ہے کہ دس سے بارہ سال سے شروع مواصلات کا ایک منصوبہ بھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا ۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں منصوبے شروع ہوئے مگر کوئی بھی مکمل نہیں ہوسکا ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ این ایچ اے کے حوالے سے معزز رکن کی میٹنگ اگلے ہفتے کرائی جائے گی اور پوچھا جائے گا کہ ناقص سڑکیں کیوں بنائی گئی ہیں ۔

انہوں نے ایک سوال پر ایوان کو بتایا کہ این ایچ اے ایک مکمل سروے لا کر ای سی سی میں لے کر آرہا ہے اور جہاں بھی سڑکوں کی تعمیر کا معاملہ ہوگا وہ آئے گا اور بجٹ میں گنجائش رکھی جائے گی ۔ وقفہ سوالات کے دوران رکن اسمبلی پروین مسعود کے سوال کے جواب میں وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے ایوان کو بتایا کہ ملک بھر میں توانائی بحران کے حل اور قدرتی گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لیے یو ایس اے میں ایل این جی پر وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور اس کے اداروں اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے اہلکاروں کو تربیت دینے میں معاونت کی ہے ۔

قدرتی گیس کی درآمد کیلئے ایران گیس پائپ لائن سمیت دیگر منصوبوں پر بھی غور ہورہاہے حکومت کوئلہ کے ذخائر میں بہتری کے لیے بھی کوشاں ہے اور اس معاملے پر بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ رکن کمیٹی مزمل قریشی کے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا گیا کہ بھاری گاڑیوں اور کنٹینروں کو موٹروے اور ہائی ویز پر داخلہ سے پہلے چیک کیا جاتا ہے اور اگر ان کا وزن مطلوبہ معیار سے زیادہ ہو تو ان کے چالان کئے جاتے ہیں اور ان کے داخلے کو محدود کرتے ہوئے مناسب کارروائی کی جاتی ہے۔

ایک ضمنی سوال کے جواب میں شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ انتخابات میں ایڈریس کے حوالے سے کچھ غلطیاں ہوئیں جن کو نادرا کے تعاون سے درست کررہے ہیں جس پر سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ اس طرح کی بہت سی شکایات موصول ہوئی ہیں میری بہن کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ایک جگہ پر کافی عرصے سے رہ رہی تھیں مگر ان کے ووٹ کااندراج کہیں اور تھا ۔

متعلقہ عنوان :