حکومت پنجاب نے خود مختار ادارے اوقاف و مذہبی امور کی حد تک بھرتیوں پر عائد پابندی ختم ،کرتے ہوئے محکمہ کو 100سے زائد نان گزٹیڈ آسامیوں پر بھرتیاں کرنے کی اجازت دے دی

جمعرات 15 مئی 2014 07:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مئی۔2014ء)حکومت پنجاب نے خود مختار ادارے اوقاف و مذہبی امور کی حد تک بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے محکمہ کو 100سے زائد نان گزٹیڈ آسامیوں پر بھرتیاں کرنے کی اجازت دے دی۔معتبر اور مصدقہ ذرائع کے مطابق سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر ثاقب عزیز کی جانب سے چند روز قبل ایک سمری صوبائی وزیر میاں عطاء محمد مانیکا کی وساطت سے ایوان وزیر اعلی ارسال کی جس میں بتا یا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب کے 36اضلاع میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور کا سیٹ اپ موجود ہے۔

محکمہ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی امور کے تحت عملہ مساجد ، ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ اور محکمہ کے زیرانتظام کام کرنے والے داتا دربار وقف ہسپتال اور اس سے منسلک پنجاب بھر کے شفاخانوں میں گریڈ1سے گریڈ15 کے نان گزٹیڈ سرکاری ملازمین کی100سے زائد آسامیاں خالی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتوں پر عائد پابندی کے سبب محکمانہ امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

چونکہ محکمہ اپنے زیر انتظام موجود وقف زمینوں کو لیز پر دینے، انہیں پٹہ داری پر دینے اور کرایہ پر دینے کے علاوہ وقف مزارات پر رکھے گئے کیش بکسز سے ہونے والی آمدن سے اپنے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سمیت دیگر اخراجات کرتا ہے۔ لہذا ضروری ہے کہ محکمانہ مفاد میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں موجود گریڈ ایک سے گریڈ پندرہ تک کی نان گزٹیڈ خالی آسامیوں پر بھرتی کی اجازت دی جائے اور اس حوالے سے صوبائی سطح پر ملازمتوں پر بھرتی کے حوالے سے عائد پابندی کواٹھاتے ہوئے خصوصی طور پر محکمہ اوقاف کو نان گزٹیڈ سرکاری آسامیاں پر کرنے کی اجازت دی جائے۔

ذرائع نے بتا یا کہ ایوان وزیر اعلی نے محکمہ کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کو منظری کرتے ہوئے صرف محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے لئے ملازمتوں پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔جس کے پیش نظر آئندہ چند روز میں اس حوالے سے کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔اس ضمن میں رابطہ پر صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور میاں عطاء مانیکا نے کہا کہ نان گزٹیڈ آسامیوں پر بھرتی کے لئے باضابطہ طور پر قواعد و ضوابط کے تحت اشتہار دیا جائے گا۔

اس حوالے سے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے کمیٹی بنائی جائے گی جو سامنے آنے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال سے لے کر ان امیدواروں کے انٹرویو کرنے اور ان کو بھرتی کرنے تک کے معاملات کے لئے با اختیار ہو گی اور کمیٹی کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کالی نان گزٹیڈ آسامیوں پر بھرتی کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔ اس ضمن میں ڈاکٹر ثاقب عزیز کی رخصت ختم ہی معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :