ملک بھر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا،حکومت کا ملک بھر میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ،دوسرے روز بھی بجلی کی پیداوار طلب کے برابرہے، این ٹی ڈی سی

جمعرات 15 مئی 2014 07:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15مئی۔2014ء)اسلام آباد سمیت ملک بھر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا،24گھنٹوں میں کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے،اسلام آباد،راولپنڈی ،ملتان اور بہاولپور میں بھی مزید بارشوں کا امکان ہے،بدھ سے جمعہ تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

کوئٹہ،ژوب،قلات اور سکھر ڈویژن میں بھی بارشوں کا امکان ہے،جمعرات اور جمعے کو بلوچستان میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں رواں ماہ مزید بارشوں کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی کا بھی امکان ہے۔

ادھرحکومت نے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔ این ٹی ڈی سی کے مطابق بدھ کو دوسرے روز بھی بجلی کی پیداوار طلب کے برابرہے۔نجی ٹی وی کا ترجمان این ٹی ڈی سی کے حوالے سے کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار اور طلب گیارہ ہزار دو سو میگاواٹ ہے۔ ہائیڈل کے ذریعے بجلی کی پیداوارتین ہزار چھ سو اسی، تھرمل سے سولہ سو اورآئی پی پیز سے پانچ ہزارنوسو بیس میگاواٹ ہے۔ این ٹی ڈی سی نے یہ دعوٰی بھی کیا ہے کہ بارشوں کے بعد بجلی کی طلب میں کمی سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :