نیویارک: 11 ستمبر ، یادگار عجائب گھر مکمل

جمعہ 16 مئی 2014 07:20

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء) نیویارک میں 2001ء میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر ہونے والے حملے کی یاد میں قائم کیے جانے والے عجائب گھر کی تکمیل مکمل ہو گئی ہے۔اس عجائب گھر کی تعمیر کا مقصد 2001ء کے اْس حملے کی سنگینی کو اجاگر کرنا ہے جس نے امریکہ سمیت پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اس عجائب گھر کا، جسے ’نیشنل ستمبر 11 میموریل میوزیم‘ کا نام دیا گیا ہے، باضابطہ افتتاح جمعرات کے روز ہو رہا ہے اور اسے سیاحوں کے لیے اگلے ہفتے کھول دیا جائے گا۔

2001میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر حملہ ہوا تھا، جس میں دو جہازوں کو ان ٹاورز کی بالائی منزلوں سے ٹکرا دیا گیا تھا۔’نیشنل ستمبر 11 میموریل میوزیم‘ کی تعمیر کی لاگت 70 کروڑ ڈالر تک آئی ہے، اور یہ کافی عرصے سے تعمیر کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

اس کی تکمیل میں بہت سی رکاوٹیں بھی دیکھنے میں آئیں جیسا کہ اس کا نقشہ، تعمیر میں تاخیر جیسے مسائل اور یہ کہ آیا میوزیم کی بنیاد میں 2001ء کے حملوں کا نشانہ بننے والے ان لوگوں کی باقیات کو دفنایا جائے، جن کی شناخت نہیں ہو پائی تھی۔

اس عجائب گھر میں داخل ہوتے ہوئے اور یہاں سے نکلتے ہوئے شیشے کی دیواروں کے ذریعے سیاح ’ون ورلڈ ٹریڈ سنٹر‘ کے نئے ٹاور کو بھی دیکھ سکیں گے، جو اس برس کے آخر تک کھول دیا جائے گا۔2001ء میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔