سپریم کورٹ میں خورشید شاہ کے خلاف دائر اپیل خارج،عدالت نے قبائلی علاقہ جات سے قیصر جمال کی قومی اسمبلی کی معطل رکنیت بحال کردی

جمعہ 16 مئی 2014 07:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء)سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کیخلاف انتخابی عذر داری خارج اور قبائلی علاقہ جات سے کامیاب رکن قومی اسمبلی قیصر جمال کی معطل رکنیت بحال کردی ہے جبکہ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ آج کل باتیں کی جارہی ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی اور یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اگر ایسے ہی الیکشن کرانے تھے تو بغیر الیکشن کے اسمبلیاں بنا لی جاتیں ۔

خورشید شاہ کیخلاف ان کے مخالف امیدوار عنایت اللہ نے الیکشن ٹریبونل میں دھاندلی کا الزام لگا کر درخواست دائر کی تھی جو خارج کر دی گئی جس کیخلاف انہوں نے اپیل کی جس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ کی جانب سے رضا ربانی اور عنایت کی جانب سے شہاب سرکی پیش ہوئے ۔رضا ربانی نے کہاکہ قواعد کے تحت درخواست گذار درخواست کی نقل خورشید شاہ کو بھیجنے کا پابند تھا مگر اس نے ایسا نہیں کیا جبکہ درخواست گذار کے وکیل نے کہاکہ نقل بذریعہ کوریئر بھجوائی گئی تھی اس سلسلے میں انہوں نے بھیجنے کے حوالہ سے حلف نامہ بھی عدالت میں جمع کرایا تاہم رضا ربانی نے کہاکہ ان کے موکل کو مذکورہ نقل نہیں ملی جبکہ حلف نامہ بھی قابل اعتراض ہے کیونکہ اس پر نقل بھیجنے کی تاریخ اور نوٹری پبلک کی تصدیق کی تاریخ میں فرق ہے ۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد عنایت اللہ کی جانب سے دائر اپیل خارج کردی ۔