یوکرائن ،امن کی کوششوں کے باوجود جھڑپیں ،ملک میں امریکی نجی سکیورٹی کمپنی کی موجودگی کی اطلاعات

جمعہ 16 مئی 2014 07:20

کیف (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء)یوکرائن کے مشرقی حصے سے حکومتی دستوں اور باغیوں کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق یہ جھڑپیں سلاویانسک اور کراماٹورسک میں جاری ہیں۔ یہ دونوں علاقے روس نواز باغیوں کا گڑھ تصور کیے جاتے ہیں۔ اس دوران باغیوں نے کییف کی عبوری حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر چوبیس گھنٹوں میں سرکاری دستے پیچھے نہ ہٹے تو ان کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب گزشتہ روز کییف میں اس بحران کے حل کے لیے منعقد کی جانے والی گول میز کانفرنس بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہو گئی۔دریں اثناء جرمن اخبار ’بلڈ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ”سلاویانسک میں اکیڈمی (Academi) نامی ایک امریکی نجی سکیورٹی کمپنی یوکرائن کی فوج اور پولیس کا ساتھ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سکیورٹی کمپنی کے تقریباً چار سو اہلکار یوکرائن میں موجود ہیں۔

بلڈ کی یہ رپورٹ جرمن خفیہ ادارے بی این ڈی کی جانب سے حاصل ہونے والی معلومات پر مبنی ہے۔ واشنگٹن حکومت اور سکیورٹی کمپنی ’اکیڈمی‘ نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ اکیڈمی کا موٴقف ہے کہ اْس کے اہلکار یوکرائن میں کہیں بھی اور کسی بھی کارروائی میں حصہ نہیں لے رہے اور نہ ہی فی الحال ایسا کوئی منصوبہ ہے۔

متعلقہ عنوان :