حافظ آباد،پی پی 107کے ضمنی انتخابات کیلئے پی ٹی آئی نے نگہت انتصار کو ٹکٹ جاری کر دیا،نگہت انتصار 2013کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ہار گئی تھیں

جمعہ 16 مئی 2014 07:18

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء)حافظ آباد کے حلقہ پی پی 107کے ضمنی انتخابات کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے نگہت انتصار کو ٹکٹ جاری کر دیا۔ نگہت انتصار 2013کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن سے ہار گئی تھیں۔ 29مئی کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں حلقہ پی پی 107میں مسلم لیگ ن کے سرفراز احمد بھٹی اور پی ٹی آئی کی نگہت انتصار کے درمیان کانٹے دار مقابلہ کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

نگہت انتصار سابق ایم پی اے انتصار حسین بھٹی کی اہلیہ ہیں اور 2013کے عام انتخابات میں انہوں نے پہلی دفعہ سیاست میں حصہ لیا اور مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر الیکشن لڑالیکن آزاد اُمیدوار سید شعیب شاہ نواز سے ہار گئیں۔ نگہت انتصار نے عام انتخابات میں دھاندلی اور جعلی ووٹ ڈالنے کے الزامات کے تحت الیکشن کمیشن میں رٹ دائر کی جس پر الیکشن کمیشن نے آزاد اُمیدوار سید شعیب شاہ نواز کو نا اہل قرار دے کر وہاں دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم دیا۔ مسلم لیگ ن نے اس ضمنی انتخابات میں نگہت انتصار کی بجائے سرفراز احمد بھٹی کو ٹکٹ جاری کر دیا جس پر نگہت انتصار اور ان کی فیملی نے ن لیگ کو خیر باد کہہ کر پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔