پاکستان سٹیل ملز خسارے جبکہ اتفاق فاؤنڈری منافع میں چل رہی ہے ‘حمید اللہ مروت، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا، افضل ڈھانڈلہ کا قومی اسمبلی میں خطاب

جمعہ 16 مئی 2014 07:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کرنل (ر) حمیداللہ مروت نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم بارود کے ڈھیر پر بیٹھی ہے، ملک میں جدید اسلحہ کے انبار لگائے جارہے ہیں‘ حکومت اس کی طرف توجہ دے‘ ملک میں ایئر بلیو ٹھیک چل رہی ہے اور پی آئی اے خسارے میں چل رہی ہے‘ پاکستان سٹیل ملز خسارے میں چل رہی ہے جبکہ اتفاق فاؤنڈری منافع میں چل رہی ہے ‘ مسلم لیگ (ن) کے ملک افضل ڈھانڈلہ نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بجٹ میں حصہ لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزیراعظم کے کراچی کی صورتحال کا نووٹس لے کر بہت اچھا کیا کیونکہ کراچی گذشتہ تیس سال سے آگ میں جل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کی مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ احسن اقدام ہے۔ امن و امان کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری ملک میں نہیں آرہی۔

تحریک انصاف کے کرنل (ر) حمیداللہ مروت نے کہا کہ وزیراعظم کو ہفتہ میں دو مرتبہ ایوان میں آناچاہئے۔ طالبان سے مذاکرات کا ضرور کوئی حل نکلے گا۔ ملک میں اسلحہ کے انبار لگائے جارہے ہیں اور ہم بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہوئے ہیں اس کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایئربلیو اچھی چل رہی ہے اور پی آئی اے کیوں نہیں چل رہی‘ اتفاق فاؤنڈری ٹھیک چل رہی ہے تو پھر پاکستان سٹیل ملز کیوں خسارے میں ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے محمد افضل ڈھانڈلہ نے کہا کہ ملک میں تفرقہ بازی سے جان چھڑانے کیلئے مل کر حل ڈھونڈنا ہوگا۔ کراچی میں حالات کی خرابی کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے۔ دہشت گردی سے جان چھڑانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ پیپلزپارٹی کے عبدالستار بچانی نے کہا کہ ملک کیخلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔ پاکستان میں جہاں بھی آپریشن ہوتا ہے اس کا اثر کراچی پر ہوتا ہے۔