ترکی میں کوئلے کی کان میں دھماکے اور آتشزدگی سے ہلاکتوں پراظہار افسوس،ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا، پاکستانی پرچم سرنگوں رہا، پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ترک بھائیوں کے ساتھ ہے،متاثرین کی کسی بھی قسم کی مددکیلئے تیار ہیں، ترک ہم منصب کے نام تعزیتی خط

جمعہ 16 مئی 2014 07:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مئی۔2014ء)ترکی میں کوئلے کی ایک کان میں دھماکے اور آتشزدگی کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا اور جمعرات کو پاکستانی پرچم سرنگوں رہا۔وزیراعظم ہاوٴس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے ترکی میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے مزدوروں کی ہلاکت پر اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان کو تعزیتی خط بھی لکھا جس میں واقعے پرافسوس اور ہمدردی کا اظہارکیا، اعلامیے کے مطابق ترکی میں پیش آے والے سانحے پر ترک عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم سوگ منایاگیااور اس موقع پر قومی پرچم بھی سرنگوں رہے ۔

وزیراعظم نوازشریف نے خط میں اپنے ترک ہم منصب طیب اردوان سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ ہے اور متاثرین کی کسی بھی قسم کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوان کے نام ایک خط میں کہا کہ پاکستانی ترک عوام کے دکھ میں شریک ہیں اور لاپتا افراد کو نکالنے کے لیے کی جانی والی کوششوں کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

پاکستانی وزیراعظم نے اس توقع کا بھی اظہار کیا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ترکی عزم و حوصلے کے ساتھ باہر نکلنے میں کامیاب ہو گا۔اْنھوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اس حادثے سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن معاونت کے لیے تیار ہے۔ترکی کے مغربی علاقے سوما میں کوئلے کی کان میں منگل کو ہونے والے دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں جمعرات کو تیسرے روز بھی جاری ہیں۔

حکام نے ہلاکتوں کی تعداد 282 بتائی جب کہ اب بھی لگ بھگ 100 افراد کان میں پھنسے ہوئے ہیں۔پاکستان اور ترکی کے قریبی تعلقات رہے ہیں جب کہ حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کے مابین روابط میں اضافہ ہوا ہے۔آٹھ اکتوبر 2005 میں آنے والے تباہ کن زلزلے اور اْس کے بعد 2010 اور 2011 میں سیلابوں سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ترکی نے بھی پاکستان کی بھرپور معاونت کی تھی۔

متعلقہ عنوان :