آئندہ مالی سال 2014-15کے بجٹ میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے،شہبازشریف، ٹیکس وصولی کے نظام کی خامیوں کو دور کر کے اسے بہتربنایاجائے گا،ٹیکس وصول کرنے والے اداروں میں آٹو میشن نظام متعارف کرایا جائے گا،پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے ان علاقو ں کی ترقی کے لئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں،امن کے بغیر ترقی اورسرمایہ کاری کا فروغ ممکن نہیں ، قیام امن کیلئے پیٹ کاٹ کروسائل فراہم کریں گے ، وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

پیر 2 جون 2014 07:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جون۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ آئندہ مالی سال 2014-15کے صوبائی بجٹ میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے- تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے زیادہ وسائل مختص کئے جائیں گے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کی فلاح وبہبود پر زیادہ توجہ دی جائے گی-وہ یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں مالی سال 2014-15 کے صوبائی بجٹ کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا -اجلاس میں صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء ا لله خان، ایم این اے حمزہ شہبازشریف ، معاون خصوصی عزم الحق، پارلیمانی سیکرٹری رانا بابر حسین، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو ریلیف اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے او رعام آدمی کی فلاح و بہبود پر خطیر وسائل صرف کئے جا رہے ہیں-حکومت کے فلاحی پروگراموں اور میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام مستفید ہورہے ہیں-انہو ں نے کہاکہ آئندہ مالی سال2014-15 کے بجٹ میں عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے-انہوں نے کہاکہ ٹیکس وصولی نظام میں خامیوں کو دور کرکے اسے بہتر بنایا جائے گا اور ٹیکس وصول کرنے والے تمام اداروں میں آٹو میشن نظام متعار ف کرایاجائے گا-وزیراعلی نے چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ ٹیکس وصولی نظام کی آٹو میشن کے لئے جامع پلان تیار کیاجائے -ٹیکس وصولی نظام کو آسان بنانے کے لئے بھی سفارشات مرتب کی جائیں-انہوں نے کہاکہ پنجاب کے وسائل میں اضافہ کی بڑی گنجائش موجود ہے او راس مقصد کے لئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے-وزیراعلی نے صوبے کے وسائل میں اضافے اور ٹیکس نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے ٹیکس وصولی کا ہدف مقر ر کرکے اس کے حصول کیلئے جامع منصوبہ بندی کریں- انہوں نے کہاکہ پسماندہ علاقو ں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے او ران علاقو ں کی ترقی کے لئے زیادہ وسائل رکھے جائیں- انہوں نے کہاکہ امن کے بغیر سرمایہ کاری اور تیز رفتار ترقی ممکن نہیں اس لئے امن وامان کی بہتری کے لئے پیٹ کاٹ کر وسائل فراہم کریں گے-سیکرٹری خزانہ نے بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی-

متعلقہ عنوان :