شارٹ فال 3ہزارمیگاواٹ تک پہنچ گیا،عوام چھٹی کے دن بھی لوڈشیڈنگ کاعذاب سہنے پر مجبور،چھٹی کے روز گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے کچھ دیر کے لئے راحت پانے کے لئے عوام کی بڑی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا

پیر 2 جون 2014 07:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جون۔2014ء) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 3ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے عوام ہفتہ وار چھٹی کے روز بھی طویل اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہنے پر مجبور ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنیکا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوار 12 ہزار 500 اور طلب 15ہزار 500 میگاواٹ ہے اس طرح بجلی کی طلب اور پیداوار میں فرق بڑھ کر 3ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے، سسٹم میں شامل بجلی میں سے آئی پی پیز کا حصہ 6ہزار 420 میگا واٹ ہے اس کے علاوہ ہائیڈل ذرائع سے 4ہزار220 میگاواٹ اور ونڈ انرجی سے60میگاواٹ بجلی مل رہی ہے۔

شارٹ فال کے باعث ملک بھر کے عوام چھٹی کے روز بھی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب سہہ رہے ہیں، وسطی پنجاب کے شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 جبکہ دیہی علاقوں میں 14 گھنٹے تک محیط ہے، جنوبی پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا دورانیہ 14 سے 18 گھنٹے پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

چھٹی کے روز گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے کچھ دیر کے لئے راحت پانے کے لئے عوام کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے ان کا کہنا ہے کہ بجلی اورپانی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں معمولات زندگی نبھانے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے اور ان کی چھٹی کا دن بھی لوڈشیڈنگ کی نذر ہوگیا ہے۔

دوسری جانب بچوں کی بھی موسم گرما کی تعطیلات ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا ہے تاکہ تھورے وقت کے لئے ہی وہ گرم سے نجات پاسکیں اور بچوں کو بھی تفریح میسر آسکے۔

متعلقہ عنوان :