فیصل آباد ،خونی ڈکیتی کے دوران عابد شیر علی کے پی اے کے سسرکو مسلح ڈاکوؤں نے مزاحمت پر قتل کردیا

پیر 2 جون 2014 07:18

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جون۔2014ء )خونی ڈکیتی کے دوران وزیرمملکت عابد شیر علی کے پی اے کے سسرکو مسلح ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق 212سرسید ٹاؤن کے رہائشی مہر محمد سعید نے سبزمنڈی سدھار میں آڑھت بنارکھی تھی کہ گزشتہ روز وہ اپنے بیٹوں کے ساتھ کار میں سوار ہوکر گھر آرہے تھے کہ سدھار منڈی چوک میں سرشام موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے روک کر نقدی موبائل فون چھین لیا جس پر مہر محمد سعید نے مزاحمت کی تو مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا اورفرار ہوگئے۔

مقتول مہر محمد سعید اپنے حلقے کی ہر دلعزیز سیاسی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ وزیرمملکت پانی وبجلی چوہدری عابد شیر علی کے پی اے میاں مجاہد علی کے سسر تھے۔مقتول کے چار بیٹے ہیں ۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقتول کو سپردخاک کردیا گیاجبکہ قرآن خوانی آج صبح نوبجے ان کی رہائش گاہ پر ہوگی ۔شہری حلقوں نے اس خونی ڈکیتی کی واردات کی شدید مذمت کی ہے اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتل ڈاکوؤں کو پکڑ کر کیفردار تک پہنچایا جائے۔