کراچی‘ بلاول ہاؤس میں تعینات پولیس اہلکار بیوی دو بچوں سمیت قتل،ریسٹورنٹ پر دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق ، 2 زخمی

پیر 2 جون 2014 07:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جون۔2014ء)کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں بلاول ہاؤس میں تعینات پولیس اہلکار ، اس کی بیوی اور دو بچوں کو قتل کر دیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق بلدیہ ٹاوٴن گلشن مزدور میں پولیس اہلکار رمضان ، اس کی بیوی اور دو بچے اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے سول ہسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس کاکہنا ہے کہ رپیڈ رسپانس فورس کے اہلکار رمضان کے سر اور سینے میں گولیاں ماری گئیں۔ اس کی لاش گھر کے اندر دروازے کے قریب پڑی تھی جبکہ اس کی بیوی نادیہ ، تین سالہ اسد اور ڈیڑھ سالہ عمائمہ کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا اور ان تینوں کی لاشیں کمرے میں تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چار افراد کے قتل کی یہ اندوہناک واردات ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگ رہی ہے۔

(جاری ہے)

قاتلوں نے پہلے ماں اور بچوں کو قتل کیا اور اس کے بعد رمضان کو گھر میں داخل ہوتے ہی گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس اہلکار رمضان کا تعلق لاڑکانہ سے تھا اور وہ بلاول ہاوٴس میں تعینات تھا۔ادھرکراچی کے علاقے فیروز آباد تھانہ کی حدود میں واقع پر ریسٹورنٹ پر دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے ۔تفصیلا ت کے مطابق کراچی کے علاقے تھانہ فیروز آباد کی حدود طارق روڈ لیبرٹی چوک پر واقعہ ایک ریسٹورنٹ پر نامعلوم موٹرسائیکلوں سواروں نے اتوار کی سہ پہر ایک دستی بم پھینکا جس کے باعث 3 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم ایک زخمی جس کی شناخت غلام حیدر کے نام سے ہوئی وہ زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگیا، دونوں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس کے مطابق واقعہ بھتہ نہ دینے کے باعث پیش آیا ہے، تاہم اس سلسلے میں پولیس مزید تفتیش کررہی ہیں، واقعہ کے بعد علاقے میں سخت خوف وہراس پھیل گیا، واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اس علاقے میں بھتہ نہ دینے پر گاڑیوں کے شوروم پر حملے کئے جاچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :