وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت طلبہ کو تعلیمی فیسوں کی واپسی کے پروگرام کا افتتاح آج پشاور میں ہو گا،مریم نواز شریف خیبرپختونخوا اور فاٹا کے دور دراز اور دشوار گزار کم ترقی یافتہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایم اے،ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کی تعلیمی فیسوں کی واپسی کے چیک تقسیم کریں گی

پیر 2 جون 2014 07:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جون۔2014ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ملک کے دور دراز اور کم ترقی یافتہ علاقوں کے طلبہ کو تعلیمی فیسوں کی واپسی کے پروگرام کا افتتاح (آج) پیر کو پشاور میں ہو گا۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن محترمہ مریم نواز شریف خیبرپختونخوا اور فاٹا کے دور دراز اور دشوار گزار کم ترقی یافتہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایم اے،ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کی تعلیمی فیسوں کی واپسی کے چیک تقسیم کریں گی۔

(جاری ہے)

اس بات کا فیصلہ اتوار کو محترمہ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اعلی تعلیمی کمیشن کے منظور شدہ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ان کی فیسوں کی سو فیصد واپسی کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ فیسوں کی واپسی کے پروگرام کا افتتاح گذشتہ ماہ کی 21 تاریخ کو بلوچستان میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کیا تھا۔ پروگرام کیلئے جمہوری حکومت نے ایک ارب 20 کروڑ روپے سے زائد فنڈز مختص کئے ہیں جس سے 30 ہزار پوسٹ گریجویٹ طلبہ مستفید ہوں گے جن میں 6 ہزار سے زائد کا تعلق خیبرپختونخوا اور فاٹا سے ہے۔