متحدہ قومی موومنٹ نے اسلام آباد میں وفاقی شیڈو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کردیا ،کراچی کے لیے 150ارب روپے کا پیکج دیاجائے اور شہر کے 4 منصوبوں سمیت سندھ کے 11 منصوبوں کو بجٹ میں رکھا جائے، پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 2 جون 2014 07:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جون۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ نے پیرکو اسلام آباد میں وفاقی شیڈو بجٹ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔اتوار کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ ہر سال کی طرح اس سال بھی شیڈو بجٹ پیش کرے گی جس میں عوامی فلاح کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں جبکہ اس حوالے سے آج (پیر) اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جمعرات کو سندھ کا شیڈو بجٹ پیش کرے گی تاہم وفاق اورصوبائی حکومتیں بجٹ بناتے وقت سندھ کے شہری علاقوں کونظر اندازنہ کریں۔وفاقی حکومت کے سامنے اپنے حلقوں کے لوگوں کے مسائل رکھیں گے جبکہ ہمارا وفاقی بجٹ قومی سوچ کا آئینہ دار ہے۔ رابطہ کمیٹی کے رکن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی کے لیے 150ارب روپے کا پیکج دیاجائے اور شہر کے 4 منصوبوں سمیت سندھ کے 11 منصوبوں کو بجٹ میں رکھا جائے۔ اگر سندھ کے بڑے منصوبوں کی منظوری نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الطا ف حسین کے ویژن کے مطابق عوام کوبااختیار بناناچاہتے ہیں۔ اگرعوام کو بااختیار بنا دیا جائے تو پاکستان بھی بااختیار ہوجائے گا۔