پنجاب حکومت اور عوام دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے گھر ہونیوالے خیبرپختونخواہ کے بھائیوں اور بہنوں کیساتھ کھڑے ہیں،متاترین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، شہباز شریف نے خیبر پختونخواہ کے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے” چیف منسٹر ریلیف فنڈ “قائم کردیا ، فنڈ میں حکومت پنجاب نے50کروڑ روپے جبکہ وزیراعلیٰ ، وزراء اورمسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے ایک ماہ کی تنخواہ جمع کروادی ہے، ہماری دعائیں، ہمارے جان و مال، ہمارا سب کچھ اس مشکل گھڑی میں پاک فوج کے غازیوں، شہیدوں اور بے گھر ہونے والوں کیساتھ ہیں،عوام،صاحب ثروت اورمخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں زیادہ سے زیادہ رقوم جمع کروائیں :وزیراعلیٰ کی اپیل

منگل 24 جون 2014 07:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جون۔2014ء)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی حکومت اور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے گھر ہونے والے خیبرپختونخواہ کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اورآزمائش کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اور عوام بے گھر ہونے والے اپنے بہن بھائیوں کو اکیلے نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخواہ کے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کے لئے ”چیف منسٹر ریلیف فنڈ“ قائم کر دیا ہے،جس میں حکومت پنجاب کی طرف سے50کروڑ روپے جمع کروا دیئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب ، صوبائی وزراء اورمسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی نے اس فنڈ میں اپنی ایک ایک ماہ کی تنخواہ جمع کروادی ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے آج قوم کے نام اپنی اپیل میں کہا کہ ہماری دعائیں، ہمارے جان و مال، ہمارا سب کچھ اس مشکل گھڑی میں پاک فوج کے غازیوں، شہیدوں اور بے گھر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

عوام،صاحب ثروت اورمخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں زیادہ سے زیادہ رقوم جمع کروائیں تاکہ بے گھر ہونے والے اپنے بہن بھائیوں کی بھر پور مدد کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں میں واپسی اور مکمل بحالی تک بھر پور تعاون جاری رکھے گی اور نقل مکانی کرنے والے افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے امدادی اشیاء فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہا ہے اسے سکیورٹی کے اندورنی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے ۔قوم اس وقت حالت جنگ میں ہے ۔

ہماری جغرافیائی سرحدوں کی محافظ پاک افواج کے جوان اورافسر دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکارہیں وہ وطن عزیز کے دفاع ،استحکام اوربقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔وقت کا تقاضا ہے کہ ملک کو دہشت گردی سے لعنت سے پاک کرنے کے لئے پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوجائے،قوم کو اتحاد اور یکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے شاید اس سے پہلے کبھی بھی نہ تھی ،اتحاد کی قوت سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگااورملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکلانے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک و قوم کے تابناک مستقبل اوراسے حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنانے کے لئے سنجیدگی سے آگے بڑھ رہی ہے اور ہر قدم ملک کو ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اٹھایا جارہا ہے ۔ان حالات میں احتجاجی سیاست بلاجواز ہے اورملک وقو م کی ترقی کے لئے شروع کیے گئے سفر میں رخنہ ڈالنے کے مترادف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سکیورٹی خطرات کے پیش نظر دھرنے،جلوس ،جلسے ،ریلیاں اور احتجاجی سیاست کسی طورپر مناسب اورملک کے مفاد میں نہیں ۔احتجاجی سیاست کرنے والے ترقی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے قومی مفاد کے پیش نظر اس سفر کو آگے بڑھنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو بحرانوں سے نکلانے کے لئے پرعزم ہے اور وہ وقت دور نہیں انشاء اللہ ملک امن کا گہوارہ بننے گا، ملک سے دہشت گردی اور توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا،یہاں اقتصادی و معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور پاکستان دنیا کی زبردست معاشی قوت بن کر ابھرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔حکومتی اقدامات کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں اور پاکستان کی کرنسی مستحکم ہوئی ہے ۔