وزیراعظم کی 100فیصد فی ایمبرسمنٹ اسکیم کے تحت آج آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 3300طلباء میں چیک تقسیم کئے جائیں گے، تقریب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہوگی، چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام مریم نواز شریف کی شرکت بھی متوقع،موجودہ جمہوری حکومت کی جانب سے اسکیم کے تحت ابھی تک40ہزار سے زائد پوسٹ گریجویٹ طلباء میں سے35ہزار سے زائد پوسٹ گریجویٹ طالبعلموں کو فائدہ پہنچایا گیا ہے، اسکیم کا سب سے بڑا فائدہ کم ترقی یافتہ علاقوں کے ان ہزاروں مستحق طلباء کو ہوگا جو کہ اپنے تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے،مریم نواز

منگل 24 جون 2014 07:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جون۔2014ء)وزیراعظم کی 100فیصد فی ایمبرسمنٹ اسکیم کے تحت آج(بروز منگل) آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 3300طلباء میں چیک تقسیم کئے جائیں گے،اس حوالے سے تقریب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہوگی جس میں چےئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام مریم نواز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔پیر کے روز اس حوالے سے ایک ا علیٰ سطح کا اجلاس وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چےئرپرسن مریم نواز شریف کی زیر قیادت منعقد ہوا،اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم کی فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کے تحت100فیصد تعلیمی اخراجات کی واپسی کے حوالے سے آزاد جموں وکشمیر کے طلباء میں ساڑھے85کروڑ روپے کے چیک تقسیم کئے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران آئندہ برس مالی سال2014-15ء میں وزیراعظم کی فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کا دائرہ کار بڑھا کر کم ترقیاتی علاقوں مثلاً جنوبی پنجاب،صوبہ بلوچستان،خیبرپختونخوا،قبائلی علاقہ جات،اندرون سندھ،گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر تک پھیلانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ اس اسکیم کے ثمرات ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے تسلیم شدہ یونیورسٹیوں سے ایم اے ایم ایس سی ایم ایس ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والے مستحق طلباء کو پہنچائے جاسکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چےئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام مریم نواز نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت کی جانب سے1.20ارب روپے کی خطیر رقم سے شروع اسکیم کے تحت ابھی تک40ہزار سے زائد پوسٹ گریجویٹ طلباء میں سے35ہزار سے زائد پوسٹ گریجویٹ طالبعلموں کو فائدہ پہنچایا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کا سب سے بڑا فائدہ کم ترقی یافتہ علاقوں کے ان ہزاروں مستحق طلباء کو ہوگا جو کہ اپنے تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔