یورپین یونین کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی برآمدات ،ایک سال میں ایک ارب ڈالر سے بھی بڑھ جائیں گی، وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان، جی ایس پی پلس کے حصول کے بعد جنوری فروری 2014کے پہلے دو ماہ میں پاکستان کے سب سے زیادہ ویلیو ایڈڈ سیکٹروں سے یورپین یونین کو برآمدات میں وسیع اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،سب سے زیادہ اضافہ ٹیکسٹائل گارمنٹس کے سیکٹر میں دیکھنے میں آیاہے ،وزیر اعظم کی قیادت میں موجودہ حکو مت کی کامیاب معاشی سفارت کاری کے ثمرات پاکستان کی عوام تک پہنچنا شراع ہو گئے ہیں،گفتگو

منگل 24 جون 2014 08:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جون۔2014ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے انکشاف کیا ہے کہ یورپین یونین کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی برآمدات کی رفتار سے یہ توقع ہے کہ یہ برآمدات ایک سال کے اندر ایک ارب ڈالر کے ابتدائی تخمینے سے زیادہ بڑھ جائیں گی، جی ایس پی پلس کے حصول کے بعد جنوری فروری 2014کے پہلے دو ماہ میں پاکستان کے سب سے زیادہ ویلیو ایڈڈ سیکٹروں سے یورپین یونین کو برآمدات میں وسیع اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،سب سے زیادہ اضافہ ٹیکسٹائل گارمنٹس کے سیکٹر میں دیکھنے میں آیاہے جس کی برآمدات رواں برس 104.91ملین ڈالر اضافے کے ساتھ بڑھ کر 446.91ملین ڈالر ہو گئیں ،چمڑے کی برآمدات 22.1ملین ڈالر سے بڑھ کر 25.46فیصد ہو گئیں، پاکستان سے یورپین یونین کو قالین کی برآمدات میں 12.79فیصد اضافہ ہوا، معاشی سطح پر یہ حیران کن نتائج وزیر اعظم میاں نواز شریف کی خصوصی دلچسپی اور دور رس حکمت عملی سے ہی ممکن ہوئے،وزیر اعظم کی قیادت میں موجودہ حکو مت کی کامیاب معاشی سفارت کاری کے ثمرات پاکستان کی عوام تک پہنچنا شراع ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کے روز یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کے حصول کے بعد جنوری فروری 2014کے پہلے دو ماہ میں پاکستان کے سب سے زیادہ ویلیو ایڈڈ سیکٹروں سے یورپین یونین کو برآمدات میں وسیع اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔اس عرصے کے مختلف سیکٹروں کے تجارتی تجزے کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ ٹیکسٹائل گارمنٹس کے سیکٹر میں دیکھنے میں آیا جس میں سال2014 جنوری فروری میں پاکستان کی یورپین یونین کو برآمدات میں 2013جنوری -فروری کے مقابلے میں 30.68فیصد اضافہ ہوا۔

گزشتہ سال اس عرصہ میں یورپین یونین کو پاکستان کی ٹیکسٹائل کی برآمدات 342ملین ڈالر تھیں جبکہ اس سال یہ برآمدات104.91ملین ڈالر اضافے کے ساتھ بڑھ کر 446.91ملین ڈالر ہو گئیں۔اسی طرح مذکورہ عرصے میں ہوم ٹیکسٹائل میں 28.15فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کے پہلے دو ماہ میں 214.18ملین سے بڑھ کر اس سال کے پہلے دو ماہ میں 274.47فیصد ہو گئیں۔چمڑے اور قالین کی صنعت نے بھی جی ایس پی پلس کی تجارتی مراعات سے خاطر خواہ فائدہ اٹھایا اور ملک کے زرمبادلہ میں اضافے کا باعث بنیں۔

چمڑے کی برآمدات میں رواں سال کے پہلے #دو ماہ میں گزشتہ سال کے پہلے دو ماہ کی نسبت 15.20فیصد اضافہ ہوااور چمڑے کی برآمدات 22.1ملین ڈالر سے بڑھ کر 25.46فیصد ہو گئیں۔پاکستان سے یورپین یونین کو قالین کی برآمدات میں 12.79فیصد اضافہ ہوا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی سطح پر یہ حیران کن نتائج وزیر اعظم میاں نواز شریف کی خصوصی دلچسپی اور دور رس حکمت عملی سے ہی ممکن ہوئے۔

وزیر اعظم کی قیادت میں موجودہ حکو مت کی کامیاب معاشی سفارت کاری کے ثمرات پاکستان کی عوام تک پہنچنا شراع ہو گئے ہیں اور ملک میں روزگار کے نئے مواقع ابھر رہے ہیں۔ان سیکٹروں میں ترقی سے نہ صرف عام آدمی کیلئے روزگار پیدا ہو رہا ہے بلکہ خواتین کیلئے بھی باعزت روزگار کے نئے مواقع ابھر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت تجارت جی ایس پی پلس کے قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے مختلف وفاقی وزارتوں اور چاروں صوبوں کے متعلقہ محکموں سے رابطہ کاری کا فریضہ احسن طریقے سے سر انجام دے رہی ہے۔

وزیر اعظم نے بھی جی ایس پی پلس میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ٹریٹی امپلیمنٹیشن سیل کو بھی یہ ذمہ داری سونپی ہے اور یہ سیل انتہائی تن دہی سے اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔حکومت یورپین یونین سے بطور ادارہ اور یورپین یونین کے 28رکن ممالک سے انفرادی طور پر رابطے میں ہے ۔یورپین یونین کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی برآمدات کی رفتار سے یہ توقع کی جارہی ہے کہ یہ برآمدات ایک سال کے ایک ارب ڈالر کے ابتدائی تخمینے سے زیادہ بڑھ جائیں گی۔وفاقی وزیر نے وزارت تجارت کو افسران کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ پاکستان کے غیر روایتی برآمدی سیکٹر کی برآمدات میں ا ضافے کیلئے بھی اقدامات کریں تاکہ پاکستان جی ایس پی پلس کی مکمل وسعت سے فائدہ اٹھا سکے ۔