سیہون میں حکومت سندھ نے مکمل انتظامات کئے تھے اور زائرین کو دیگر سہولتیں مہیا کرنے کے بھی انتظامات تھے، شرجیل انعام میمن، صوبے کا اے ڈی پی تمام صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، اپوزیشن ارکان تبادلوں اور تقرریوں کیلئے درخواستیں دیتے ہیں، وزیر اطلاعات سندھ کا بجٹ پر بحث کے دوران گفتگو

منگل 24 جون 2014 07:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جون۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سیہون میں حکومت سندھ نے مکمل انتظامات کئے تھے اور زائرین کو دیگر سہولتیں مہیا کرنے کے بھی انتظامات تھے، بجٹ کے تناسب سے دیکھا جائے تو آج بھی ہمارے صوبے کا اے ڈی پی تمام صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، آج بھی اپوزیشن ارکان ایسے ہیں ، جو تبادلوں اور تقرریوں کے لیے درخواستیں دیتے ہیں، کچھ اپوزیشن ارکان کہتے ہیں کہ انہیں پیپلز پارٹی میں شامل کیا جائے ، سندھ میں 80 ہزار روپے زرعی آمدنی پر 15 فیصد ٹیکس نافذ ہے ، خیبرپختونخوا میں 4 لاکھ روپے سے زیادہ آمدنی پر زرعی انکم ٹیکس وصول کیا جاتا ہے ، یہ دنیا کا واحد کاروبار ہے ، جس کی نصف آمدنی ہاری کو دی جاتی ہے ، پرویز مشرف کے ضلعی حکومتوں کے نظام نے بلدیاتی اداروں میں کرپشن کی بنیاد ڈالی تھی،صوبے میں 90 آر او پلانٹس کام کر رہے ہیں اور 15 کمپنیوں کو ٹھیکے دیئے گئے تھے ، کراچی کے پانی کے منصوبے ” کے ۔

(جاری ہے)

4 “ اور سیوریج کے منصوبے ” ایس ۔ 3 “ کے لیے وزیر اعظم سے درخواست کریں گے کہ وہ زیادہ رقم مختص کریں تاکہ کراچی میں پانی کا مسئلہ حل ہو۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران خطاب کررہے تھے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بجٹ پر تنقید کرنا اپوزیشن کا استحقاق ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم نے بجٹ سازی میں بہت محنت کی ہے ۔

عوام سے ووٹ لینے والی جمہوری سیاسی جماعتیں سوچ سمجھ کر بجٹ بناتی ہیں کیونکہ انہیں واپس عوام کے پاس جانا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی سب سے بڑی یہ تنقید کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام ( اے ڈی پی ) کا بجٹ کم کردیا گیا ۔ اس کا سبب یہ ہے کہ وفاق سے پیسے کم ملے لیکن اگلے سال ہم نے مرمت اور مینٹی ننس کے بجٹ میں اضافہ کردیا اور اس مد میں 15 ارب روپے مختص کر دیئے ۔

اگر بجٹ کے تناسب سے دیکھا جائے تو آج بھی ہمارا اے ڈی پی تمام صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سکھر کے لیے 3.49 ارب روپے کی اسکیمیں دیں ۔ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 42 ارب روپے مخٹص کیے گئے ۔ کراچی زیادہ ریونیو دیتا ہے ۔ اس لیے اس کا حق بھی زیادہ ہے ۔ کراچی کے لیے میگا پروجیکٹس بھی دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام اضلاع کو ترقیاتی بجٹ دیا ۔

اپوزیشن کے ارکان کو بھی ہم نے ترقیاتی فنڈز دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اپوزیشن ارکان ایسے ہیں ، جو تبادلوں اور تقرریوں کے لیے درخواستیں دیتے ہیں ۔ کچھ اپوزیشن ارکان کہتے ہیں کہ انہیں پیپلز پارٹی میں شامل کیا جائے ۔ اپوزیشن کی ایک خاتون رکن نے الزام لگایا کہ نوکریاں بکتی ہیں لیکن گذشتہ دور میں ان کے شوہر کو گریڈ ۔ 16 میں نوکری ملی ۔

کیا انہوں نے نوکری خریدی تھی؟ شرجیل انعام میمن نے بعض ارکان کے اس موٴقف کو مسترد کردیا کہ سندھ میں زرعی آمدنی پر ٹیکس نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں 80 ہزار روپے زرعی آمدنی پر 15 فیصد ٹیکس نافذ ہے ۔ خیبرپختونخوا میں 4 لاکھ روپے سے زیادہ آمدنی پر زرعی انکم ٹیکس وصول کیا جاتا ہے ۔ یہ دنیا کا واحد کاروبار ہے ، جس کی نصف آمدنی ہاری کو دی جاتی ہے ۔

کاشت کار زرعی انکم ٹیکس کے علاوہ بھل ، آبیانہ اور دیگر ٹیکسز بھی ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مطالبہ یہ ہے کہ یہ 15 فیصد ٹیکس کم کیا جائے تاکہ زرعی انکم ٹیکس کی مد میں زیادہ وصولی ہو سکے اور حکومت کو زیادہ آمدنی ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے ضلعی حکومتوں کے نظام نے بلدیاتی اداروں میں کرپشن کی بنیاد ڈالی تھی ۔ کوٹیشن سسٹم کرپشن کی سب سے بڑی وجہ تھی ۔

میں نے پورے سندھ سے یہ سسٹم کردیا ہے ۔ اب ہر کام ٹینڈر کے ذریعہ ہو گا ۔ اب مالیاتی اختیارات ٹی ایم اوز کے پاس نہیں ہین ۔ وہ اختیارات ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے پاس منتقل ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (فنکشنل) کے امتیاز شیخ کا یہ الزام غلط ہے کہ 90 فیصد آر او پلانٹس بند ہیں اور سارے ٹھیکے ایک ہی کمپنی کو دیئے گئے ۔ حقیقت یہ ہے کہ 90 آر او پلانٹس کام کر رہے ہیں اور 15 کمپنیوں کو ٹھیکے دیئے گئے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے پانی کے منصوبے ” کے ۔ 4 “ اور سیوریج کے منصوبے ” ایس ۔ 3 “ کے لیے وزیر اعظم سے درخواست کریں گے کہ وہ زیادہ رقم مختص کریں تاکہ کراچی میں پانی کا مسئلہ حل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس بند کرائے ۔ 93 غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار کیے ۔اس آپریشن کے دوران میں ان علاقوں میں خود گیا ، جہاں سب سے زیادہ خطرہ ہے ۔

ایک ہائیڈرنٹ عدالت کے حکم پر کھلا ہے ۔ میں عدالتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہائیڈرنٹس کھولنے اور سائن بورڈز نہ ہٹانے کے احکامات نہ دیں ۔ یہ حکومت کا کام ہے اور اسے کرنے دیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیہون شریف میں گرمی کی وجہ سے اموات ہوئیں ۔ اگر سعودی عرب میں حج کے دوران لوگ انتقال کر جاتے ہیں تو ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ سعودی حکومت ناکام ہو گئی ۔

سیہون میں حکومت سندھ نے مکمل انتظامات کیے ۔ 1200 پولیس اہلکار وہاں تعینات تھے ۔ زائرین کو دیگر سہولتیں مہیا کرنے کے بھی انتظامات تھے ۔ انہوں نے کہاکہ میں وزیر اعلیٰ سندھ کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے میرے حلقے میں کیڈٹ کالج سمیت دیگر اسکیمیں دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا بجٹ خراب ہے ۔ پھر سوال یہ ہے کہ سندھ کے لوگ ہمیں ووٹ کیوں دیتے ہیں اور ان کو شکست سے دوچار کیوں ہونا پڑتا ہے ۔ دس جماعتی اتحاد کا عوام نے جو حشر کیا ہے ، اگر ایسا حشر ہمارا ہوتا تو میں سیاست چھوڑ دیتا ۔