خیبر پختونخواہ اسمبلی اپوزیشن ارکان کا عمران خان کی طرف سے اسمبلی توڑنے بارے بیانات پر شدید ردعمل کا اظہار ، اجلاس سے واک آؤٹ کردیا،عمران خان کیخلاف تحریک استحقاق بھی پیش

جمعرات 26 جون 2014 07:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جون۔2014ء)خیبر پختونخواہ اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے اسمبلی توڑنے کے بارے میں بیانات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بدھ کو اجلاس سے واک آؤٹ کیا اور عمران خان کیخلاف تحریک استحقاق بھی پیش کی ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی راجہ فیصل زمان اور نگہت اورکزئی نے کہا کہ عمران خان بار بار غیر قانونی اور غیر جمہوری انداز میں صوبائی اسمبلی توڑنے کی باتیں کرتے ہیں ۔

اسمبلی کے ارکان عوام کے نمائندے ہیں اور عوام نے ہی انہیں مینڈیٹ دیا ہے ۔ جمہوریت کی بساط لپیٹنے کے بارے میں اس قسم کے بیانات پر ہم سخت احتجاج کرتے ہیں ۔ منور خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ کیا اسمبلی عمران خان کی جاگیر ہے ہم ان بیانات کی سختی سے مذمت کرتے ہیں ہم عوامی مینڈیٹ سے اس ایوان میں آئے ہیں اور کسی کو ایوان کی توہین کی ہرگز اجازت نہیں دینگے ۔ بعد ازاں اپوزیشن ارکان نے اجلاس سے واک آؤٹ کردیا ۔