معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،عبدالمالک بلوچ، حالیہ بجٹ میں تعلیم کے لیے خطیر رقم رکھی گئی ہے تاکہ بلوچستان کو جہالت سے نکال کر یہاں علم کی روشنی پھیلائی جائے جا سکے، وزیر اعلی کا بلوچستان بھر میں پہلی 15پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان

جمعرات 26 جون 2014 07:18

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جون۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حالیہ بجٹ میں تعلیم کے لیے خطیر رقم رکھی گئی ہے تاکہ بلوچستان کو جہالت و ناخواندگی کی تاریکیوں سے نکال کر یہاں علم کی روشنی پھیلائی جائے جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے پرنسپل بلوچستان ریذیڈنشل کالج لورالائی پروفیسر نجیب اللہ سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلیٰ نے میٹرک کے امتحانات کے حالیہ نتائج میں بلوچستان بھر میں پہلی 15پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلموں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طلباء قوم کا مستقبل ہیں ، ایک بہتر تعلیمی معاشرے کی تشکیل کے لیے والدین ، اساتذہ اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں اور معیار تعلیم کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت ہر سطح پر اقدامات اٹھائے گی ،

تعلیمی معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ تعلیم کے بغیر عصر حاصر کے تقاضوں اور دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

وزیر اعلیٰ نے بلوچستان ریذیڈنشل کالج لورالائی میں بہتر تعلیمی معیار کی فراہمی ، کارکردگی اور میٹرک کے حالیہ امتحان میں صوبہ بھر سے پہلی 20میں سے 15پوزیشن حاصل کرنے پر کالج کے پرنسپل، انتظامیہ اور پروفیسرصاحبان کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ بلوچستان ریذیڈنشل کالج لورالائی آئندہ بھی اپنی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے کالج کے نام روشن کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حالیہ میڑک کے امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کے لیے انٹرمیڈیٹ تک تمام تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان کے کوآرڈینیٹر برائے امور نوجوانان احمد جان اور پروفیسر داد محمد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :