جنرل جان کیمپبل افغانستان کے لیے نئے امریکی کمانڈر نامزد

جمعرات 26 جون 2014 07:32

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جون۔2014ء ) امریکی صدر باراک ابامہ نے جنرل جان کیمپبل کو افغانستان کے لیے نیا کمانڈر نامز د کر دیا ہے ،۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق موجودہ نائب چیف آف اسٹاف جنرل کیمپبل ایک ایسے وقت پر جوزف ڈنفورڈ کی جگہ لے رہے ہیں جب امریکا اور اس کے اتحادی افغانستان سے اپنی افواج کو نکال رہے ہیں۔انٹرنیشنل اسسٹنس سکیورٹی فورس (آئی سیف) افغانستان سے سال رواں کے آخر تک نکل جائے گی تاہم اس بین الاقوامی فورس کا 9,800 امریکی فوجیوں اور چند ہزار نیٹو کے فوجیوں پر مشتمل ایک چھوٹا دستہ 2015 ء تک افغانستان میں تعینات رہے گا۔

جنرل کیمپبل سن 2010ء سے 2011ء تک مشرقی افغانستان میں 101stہوائی ڈویڑن کی سربراہی کر چْکے ہیں۔ تب امریکی فوج افغان باغیوں کے ساتھ گھمسان کی جنگ لڑ رہی تھی۔

(جاری ہے)

چک ہیگل نے خصوصی امریکی دستوں کی ذمہ داری لیفٹیننٹ جنرل جوزیف ووٹل کو سونپی ہے جبکہ ایڈمرل بل گورٹنی شمالی کمانڈ کے سربراہ ہوں گے۔ پینٹاگون کی طرف سے پیش کردہ ان نامزدگیوں کی منظوری ابھی امریکی سینیٹ کی طرف سے ہونا باقی ہے۔

دریں اثناء افغانستان میں متعین نیٹو اور امریکی فورسز کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر ڈنفورڈ کو امریکی بحریہ کے کمانڈر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ڈنفورڈ اس وقت بتیس ہزار آٹھ سوْ امریکی فوجیوں اور سترہ ہزار سات سو اتحادی فوجیوں کی افغانستان میں قیادت کر رہے ہیں۔امریکا نے نائن الیون کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد 2001 ء میں افغانستان پر حملہ کرتے ہوئے طالبان حکومت کا خاتمہ کر دیا تھا۔ تب سے افغانستان میں امریکا کی قیادت میں غیر ملکی افواج تعینات ہیں۔ واشنگٹن حکومت 2016 ء میں افغانستان سے اپنے تمام فوجیوں کے انخلاء کا منصوبہ بنائے بیٹھی ہے۔

متعلقہ عنوان :