پنجاب یوتھ فیسٹیول میں نوجوانوں نے تاریخ بنائی، اسے ہر سال کرائیں گے، حمزہ شہباز،نوجوانوں کو خوشحال کر کے قائد اعظم کا خواب پورا کریں گے،سیاسی جماعتیں جھوٹے انقلاب لائیں مگر سسٹم ڈی ریل کرنے کی باتیں نہ کریں، ترقی کرنا صرف اشرافیہ کا حق نہیں ، ہم سب کو برابر کے مواقع دینگے، صوبائی وزیر قانون و کھیل رانا مشہود کا سپورٹس بورڈ پنجاب کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

جمعرات 26 جون 2014 07:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جون۔2014ء)سپورٹس بورڈ پنجاب کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں نوجوانوں نے تاریخ بنائی ہے جو کہ پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہے، نوجوانوں کو خوشحال کرنا چاہتے ہیں تاکہ قائداعظم کا خوشحال پاکستان کا خواب پورا ہوسکے،پنجاب یوتھ فیسٹیول ہر سال منعقد کرایا جائے گا۔

اپوزیشن جماعتیں دھرنے دیں، جلسے کریں، جھوٹے انقلاب لانے کے دعوے کریں مگر وہ سسٹم کو ڈی ریل کرنے کی باتیں نہ کریں، پاک فوج ملک میں امن کیلئے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑ رہی ہے، ہمیں آج پہلے سے زیادہ اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے، پوری قوم اس مشن میں پاک فوج کے ساتھ ہے، ہمیں پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی تقریب تقسیم انعامات میں خطاب کرتے ہوئے کیا، حمزہ شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے ، اس موقع پر صوبائی وزیر قانون، کھیل و تعلیم رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور بھی موجود تھے، تقریب میں ارکان اسمبلی تہیہ نون، عظمیٰ بخاری، بشریٰ بٹ، مہوش سطانہ، میاں عرفان دولتانہ ، سابق کرکٹر انتخاب عالم، شفیق پاپا، مشتاق احمد، سابق اولمپیئن خواجہ جنید، گلوکار وارث بیگ، ٹی وی ہوسٹ جگن کاظم، سینئر صحافی نجم ولی خان، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور اہم سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی ،حمزہ شہباز نے کہا کہ تین برس قبل پنجاب سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا تو اندازہ ہی نہیں تھا کہ اتنا زیادہ فیڈ بیک آئے گا، پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء میں ہم نے سلسلہ یونین کونسل کی سطح پر شروع کیا جس سے بے پناہ ٹیلنٹ سامنے آیا، انہوں نے کہا کہ جب ہم سب سے بڑا انسانی پرچم بنا رہے تھے تو یہ بہت جذباتی منظر تھا دنیا بھر میں یہ بات نشر ہورہی تھی کہ پاکستان کے بچے اور بچیوں نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا، یہ میرا اعزاز نہیں پاکستان کا اعزاز ہے، شخصیات آتی جاتی رہتی ہے ہمیں پاکستان کیلئے کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ کھیل کے میدان آباد ہونے سے رونق آتی ہے، محبت بڑھتی ہے، حکومت ہمسائیہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتی ہے ،ہماری کبڈی کی ٹیم بھارت گئی اور بھارٹ کی ٹیم پاکستان آئی جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر کرنے میں مدد ملی ، جب دونوں ممالک آپس میں کھیلیں گے تو محبت بڑھے گی ، گولیاں یا گولے چاہے سرحد پار جائیں یا نہ جائیں مگر محبت کی آواز سرحد پارضرور جائے گی،کھیل امن کا پیغام ہے، اس لئے نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے محبت پھیلانی چاہئے، حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت نے 10ارب کا انڈومنٹ فنڈ رکھا ہے جس سے 50ہزار بچے فائدہ اٹھا رہے ہیں،جس میں ٹیلنٹ ہے اس کیلئے کوئی بہانہ نہیں کہ سہولتیں نہیں یا پلیٹ فارم نہیں نوجوان اپنا ٹیلنٹ سامنے لائیں حکومت ان کو بھرپور سپورٹ کریگی، حکومت قانون بنا رہی ہے جس کے تحت آئندہ کوئی بھی حکومت کھیل کے میدان کو کسی اور مقصد کیلئے استعمال نہیں کر سکے گی جب قانون سازی ہو جائیگی تو نوجوانوں کا اعتما دہو گاکہ یہ ہمارا اثاثہ ہے۔

سیاسی جماعتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ہماری فوج ہمارے امن کیلئے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑ رہی ہے آج ہمیں پہلے سے زیادہ اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے، سیاسی جماعتیں دھرنے دینے، جلسے کرنے کے نعرے لگارہے ہیں جھوٹے انقلاب کے دعوے کئے جارہے ہیں ، وہ تمام کام شوق سے کریں مگر سسٹم کو ڈی ریل کرنے کی باتیں نہ کریں، عمران خان کہتے ہیں کہ میں خیبر پختو نخوا کی اسمبلی توڑ دوں گا، عمران خان یہ بتائیں کہ قوم نے آپ کو ووٹ کس لئے دیئے ہیں کام کرکے دکھائیں، ہم نے میٹر وبس سروس گیارہ ماہ میں مکمل کرکے چلائی، اب میٹرو ٹرین شرو ع کررہے ہیں، عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے کئی منصوبے شروع کئے ہیں انشاء اللہ حکومت کی مدت پوری ہونے تک قوم کو پوری بجلی ملے گی اور وہ بھی سستی، عمران خان بتائیں انہوں نے خیبر پختونخوا کی عوام کیلئے کیا کیا ، کون سا منصوبہ شروع کیا ، انہوں نے کام کوئی کیا نہیں اور نو بال نوبال کی رٹ لگا رہے ہیں، عمران خان سپورٹس مین ہیں وہ سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہر ہ کریں، حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام کو جھوٹے انقلاب کے ذریعے بہکانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، پاکستان کو امن کی ضرورت ہے نہ کہ جھوٹے دعوؤں کی، ہم نے نوجوانو ں کیلئے لیپ ٹاپ سکیم ، لون سکیم شروع کی، انشاء اللہ عوام کو لوڈشیڈنگ سے بھی نجات دلائیں گے، انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت ہر سال پنجاب یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کریگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون اور کھیل رانا مشہود احمد نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء میں 48لاکھ افراد کی شرکت نے اسے دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول بنا دیا اگر میاں حمزہ شہباز کی سربراہی اور وزیر اعلیٰ شہبازشریف کی سرپرستی نہ ہوتی تو یہ ممکن نہ ہوتا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے خصوصی ایلچی برائے یوتھ احمد الہندوی نے چند روز قبل سپورٹس بورڈ پنجاب کا دورہ کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے دنیا کے45ممالک کے دورے کئے ہیں ، 70فیصد آبادی یوتھ کی 30سال سے کم عمر ہے اور سپورٹس بورڈ پنجاب نے جس طرح یوتھ کیلئے کام کیا ہے وہ دنیا کے کسی ملک نے نہیں کیا، پنجاب یوتھ فیسٹیول2014ء میں بنائے گئے 11گنیز ورلڈ ریکارڈز کو گنیز ورلڈ ریکارڈ نے تصدیق کردیا ہے اور باقی ریکارڈ کا تصدیقی عمل جاری ہے، رانا مشہود نے کہا کہ ترقی کرنا صرف اشرافیہ کا حق نہیں ، ہم سب کو برابر کے مواقع فراہم کررہے ہیں، جس میں ٹیلنٹ ہے اسے پورا موقع دیں گے کہ وہ اپنی کامیابی کے جھنڈے دنیا میں گاڑے، پنجاب نے کبڈی کے کھیل کو ایک نئی زندگی دی ہے اس کا ثبوت کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی ہے۔

انڈو پاک پنجاب گیمز کا انعقاد کیا گیا، بین الصوبائی گیمز میں پنجاب نے 11میڈلز جیتے ہیں جو کہ صرف پنجاب یوتھ فیسٹیول کے ٹیلنٹ کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔ تقریب میں عالمی ریکارڈ اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت پنجاب کے مشکور ہیں جس نے ہم کو پلیٹ فارم مہیا کیا جس کے تحت ہم پاکستان کا نام روشن کرسکے جس پر ہمیں فخر ہے۔