ٹی 20کپتان کا تاج شاہد خان آفریدی کے سر سج گیا ،پی سی بی نے آفریدی کو ٹی 20ورلڈ کپ 2016ء تک قومی ٹیم کا کپتان بنا دیا جبکہ مصباح الحق ٹیسٹ اور ون ڈے کی سکواڈ کی قیادت کرینگے ، یو اے ای ہوم سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان موخر، کراچی میں قومی ٹی20 ٹورنامنٹ کی وجہ سے سکواڈ کا اعلان پچیس ستمبر تک موخر کیا گیا ہے ، معین خان کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ

بدھ 17 ستمبر 2014 08:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2014ء)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کو قومی ٹی 20ٹیم کا کپتان مقرر کردیا جبکہ مصباح الحق کو ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کیلئے ورلڈ کپ 2015ء تک کپتان برقرار رکھا گیا ہے ، جبکہ شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے فیصلے پر مشکور ہوں ، ورلڈ ٹی 20کیلئے بہترین ٹیم بنانے کی کوشش کرونگا ۔ پی سی بی کے مطابق شاہد خان آفریدی کو آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ 2016ء تک قومی ٹی 20ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔

سابق کپتان محمد حفیظ کی جانب سے رواں سال کے آغاز پر بنگلہ دیش میں آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں شکست کے بعد استعفیٰ دیدیا تھا جس کے بعد شاہد آفریدی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ پی سی بی نے مصباح الحق کو ٹیسٹ اور ون ڈے سکواڈ کیلئے آئندہ سال ہونے والے ورلڈ کپ تک قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ میں نے یہ فیصلہ کرکٹ کمیٹی اور بورڈ ممبران کی مشاورت کے بعد جمہوری طرز سے کیا ہے میری خواہش ہے کہ آفریدی اور مصباح آئندہ آنے والی ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرینگے ۔

(جاری ہے)

شاہد خان آفریدی نے کپتان بنائے جانے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ نے جس اعتماد کا مجھ پر اعتماد کیا ہے اس پر پورا اترونگا یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے دل سے شکست کا خوف نکالنا ہوگا کھلاڑیوں کو اپنے اندر دلیری پیدا کرنا ہوگی 2016ء ورلڈ ٹی 20 کیلئے بہترین ٹیم بنانے کی کوشش کرونگا تمام کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلوں گا ون ڈے میں مصباح الحق سے بھی مکمل تعاون کرونگا ۔

دریں اثناء پاکستان نے آئندہ ماہ آسٹریلیا کیخلاف اپنے ٹور کا آغاز کرنا ہے جہاں وہ متحدہ عرب امارات میں 5اکتوبر سے سیریز میں ٹی 20میچ بھی کھیلے گی ۔ واضح رہے کہ ٹی 20کپتان کیلئے شاہد آفریدی کے علاوہ صہیب مقصود ، فواد عالم اور احمد شہزاد کا نام بھی سامنے آرہے تھے مگر بورڈ نے طویل مشاورت کے بعد ریکارڈ دیکھتے ہوئے کپتان کا قرعہ جارحانہ بیٹنگ کیلئے مشہور شاہد خان آفریدی کے نام نکالا ۔

ادھرآسٹریلیا کے خلاف اگلے ماہ سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی ہوم سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان پچیس ستمبر تک موخر کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کے بورڈ روم میں چیف سلیکٹر معین خان کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام سلیکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کیلئے انتخاب پر غور وخوص کیا گیا۔ذرائع کے مطابق سلیکٹرز نے کراچی میں شروع ہونیوالے قومی ٹی ٹوئینٹی ٹورنامنٹ کی وجہ سے اسکواڈ کا اعلان موخر کردیا اب ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر ٹیسٹ،ون ڈے اور ٹی ٹوئینٹی فارمیٹ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا جائیگا۔