گورنرسندھ نے ایم کیو ایم کے وزرا کے استعفے منظور کرلئے،گورنر سندھ کی جانب سے استعفے منظور ہونے کے بعد ایم کیو ایم باقاعدہ طور پر سندھ حکومت سے الگ ہوگئی

بدھ 29 اکتوبر 2014 07:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ایم کیو ایم کے دو وزرا ڈاکٹر صغیر اور روٴف صدیقی کے استعفے منظور کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی سے علیحدگی کے بعد ایم کیو ایم کے وزرا کی جانب سے گورنر سندھ کو استعفے جمع کرائے گئے تھے جسے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے منظور کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کو ارسال کردیئے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد اور وزیر انڈسٹری روٴف صدیقی نے گورنر سندھ کو استعفے جمع کرانے سے قبل ہی زیراستعمال سرکاری گاڑیاں واپس کردی تھیں جبکہ گورنر سندھ کی جانب سے استعفے منظور ہونے کے بعد ایم کیو ایم باقاعدہ طور پر سندھ حکومت سے الگ ہوگئی۔واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے مشیر اور معاون خصوصی عادل صدیقی، فیصل سبزواری اور عبدالحسیب کے استعفے پہلے ہی وزیراعلی سندھ نے منظور کر لئے تھے جبکہ اس حوالے سے گورنر سندھ کو بھی آگاہ کردیا گیا تھا۔