سندھ اسمبلی ، ممکنہ سمندری طوفان ”نیلوفر“ کا معاملہ اٹھایا گیا،یہ نیلوفر کون ہیں ؟ اسپیکر آغا سراج درانی کا خاتون رکن ارم عظیم فاروق سے سوال ، یہ ویمن پاور ہے،ایم کیو ایم کی رکن کا جواب

بدھ 29 اکتوبر 2014 08:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29اکتوبر۔2014ء)سندھ اسمبلی کے اجلاس میں منگل کو آئندہ دو روز میں آنے والے ممکنہ سمندری طوفان ”نیلو فر “ کا معاملہ اٹھایا گیا۔ نیلوفر کا ذکر انوکھے انداز میں ہوا ۔ متحدہ قومی موومنٹ کی خاتون رکن ارم عظیم فاروق نے کہاکہ میں ایک اہم مسئلے پر بات کرنا چاہتی ہوں ۔اسپیکر آغا سراج درانی نے پوچھا کہ کس کے بارے میں بات کرنا چاہتی ہیں ؟ ارم عظیم فاروق نے کہا کہ نیلوفر ۔

آغا سراج درانی نے سوال کیا کہ یہ نیلوفر کون ہیں ؟ ارم عظیم فاروق نے کہا کہ یہ سمندری طوفان کا نام ہے ۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ یہ طوفانوں کے نام خواتین پر کیوں رکھے جاتے ہیں ؟ ارم عظیم فاروق نے کہا کہ یہ ویمن پاور ہے ۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ نیلو فر نام کی ایک خاتون ہوتی تھیں ، جو بہت پاور فل تھیں ۔

(جاری ہے)

ارم عظیم فاروق نے کہا کہ نیلوفر یا شاہدہ کوئی بھی نام ہو ۔

طوفان کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں خطرات ہیں ۔ ماہی گیر گہرے سمندر میں گئے ہوئے ہیں ۔ حکومت نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کیا کیا ہے ۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ کراچی میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کا مزار ہے ۔ پہلے بھی ہم ان کی وجہ سے بچے رہے ہیں اور اب بھی بچ جائیں گے ، جنہیں سمندری طوفان سے خوف ہے ، وہ اندرون سندھ چلے جائیں ۔ وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سمندری طوفان نیلو فر سے بچاوٴ کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ابراہیم حیدری ، مبارک ویلیج، ٹھٹھ ویلیج سمیت تمام ساحلی پٹی میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کے ایم سی، واٹر بورڈ سمیت تمام متعلقہ اداروں میں اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی بھی تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں بدین، ٹھٹھہ، کیٹی بندر سمیت دیگر علاقوں میں اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ میڈیکل حملے کے چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، دوائیں اور غذائی اشیاء پہنچا دی گئی ہیں۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ حکومت سندھ محکمہ موسمیات کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر میں جانے والے تمام ماہی گیروں کو بھی طوفان کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی معرفت سمندر میں موجود ماہی گیروں کو وائرلیس اور ریڈیو میسج کے ذریعے واپس کناروں پر آنے کے اعلانات بھی کئے جارہے ہیں۔،شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کا اجلاس بھی منعقد کیا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ان دنوں تفریح کے لیے سمندر پر نہ جائیں ۔