عمران خان کی جانب سے ملک بند کرنے کی دھمکی پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہے،شہباز شریف،عمران خان نے اس تاریخ کو ملک بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس روز پاکستان کے پہلے دشمنوں نے سازش کرکے پاکستان توڑا تھا، مایوسی کے عالم میں عمران ناکامی کی تصویر بن چکے ہیں، لندن پلان کی ناکامی کے بعد عوام پلان سی کو بھی ”سی آف“ کر دیں گے،وزیراعلیٰ کی وفاقی وزیر احسن اقبال ، سپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد خان سے گفتگو، ویژن 2025 اور احسن اقبال کی خدمات کی تعریف

منگل 2 دسمبر 2014 04:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے ملک بند کرنے کی دھمکی پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ عمران خان نے اس تاریخ کو ملک بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس روز پاکستان کے پہلے دشمنوں نے گھناؤنی سازش کرکے پاکستان توڑا تھا۔ وہ وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان بند کرنے کی دھمکی دے کر ملک دشمن ایجنڈے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان بند کرنے کی دھمکی ملک و قوم کے مفادات کے منافی ہے۔ عمران خان ذاتی انا اور ضد کی سیاست میں ملکی مفادات کو یکسر فراموش کر بیٹھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لندن پلان کی بدترین ناکامی کے بعد عوام پلان سی کو بھی ”سی آف“ کر دیں گے۔

(جاری ہے)

کنٹینر پر کھڑے ہو کر جھوٹ بولنے والے عمران خان یہ بات یاد رکھیں کہ قوم نے ملک دشمنی پر مبنی سیاست کو پہلے بھی مسترد کیا اور آئندہ بھی ایسی تخریبی سیاست کو دفن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے ویژن 2025 کے حوالے سے ملک کی ترقی کیلئے جو اہداف مقرر کئے ہیں بلاشبہ وہ قومی اہداف ہیں اور ویژن 2025 ایک قومی ایجنڈا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ویژن 2025 ترقی کی خواہاں اقوام کے شایان شان ایجنڈا ہے اور اس ضمن میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی کال پر کوئی کاروباری فرد کان نہیں دھرے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو ویژن 2025 کے اہم خدو خال کے حوالے سے آگاہ کیا اور کہا کہ ایک بڑا صوبہ ہونے کے حوالے سے اس ویژن کی تکمیل میں پنجاب کا کردار بہت اہم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت ویژن 2025 کے مقاصد کے حصول کیلئے متحرک اور فعال کردار ادا کرے گی۔

ملاقات میں ملکی صورتحال، سیاسی امور، ویژن 2025 اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بلوچستان اسمبلی کے سپیکر جان محمد خان نے بھی یہاں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بلوچستان اسمبلی کے سپیکر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کی ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور صرف اور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے کنٹینر سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے اور عمران خان لاچاری کے عالم میں مایوسی کی ناکام تصویر بن چکے ہیں۔ پاکستان بند کرنے کی دھمکیاں دینے والے عناصرکسی صورت پاکستان کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔

انہو ں نے کہا کہ دھرنا دینے والے عناصر ہوش کے ناخن لیں اور محاذ آرائی کی سیاست کو ترک کر دیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کی راہ میں کسی کو رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔