سعودی وزیر دفاع کو اقوام متحدہ کاخط، سعودی عرب کی یمن میں انسانی بنیادوں پر کارروائیوں کی تعریف

بدھ 8 اپریل 2015 06:35

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8 اپریل۔2015ء)سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو اقوام متحدہ کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں عالمی ادارے نے سعودی عرب کی جانب سے یمن میں انسانی بنیادوں پر کارروائیوں کی تعریف کی گئی ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ محمد کو یہ خط اقوام متحدہ کے سعودی عرب میں ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر اشوک نگم نے ایک ملاقات میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس ملاقات کے دوران نگم نے سلطنت سعودی عرب کی جانب سے یمن میں سے اقوام متحدہ کے عملے کے انخلاء میں مدد اور فوری کارروائی کرنے پر شہزادہ محمد کا شکریہ ادا کیا۔نگم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے عملے کے انخلاء کی وجہ سے 100 سے زائد غیر ملکی عملے کی جانیں بچ گئیں۔ اقوام متحدہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ یمنی فضاؤں میں اقوام متحدہ کے مشنز کو کام کرنے کی اجازت کی وجہ سے اس عمل میں مزید تیزی آئی ہے۔پچھلے ہفتے کے دوران کئی درجن غیر ملکی سفارت کاروں اور اقوام متحدہ کے کارکنوں کو یمن سے میں انخلاء میں سعودی بحریہ نے مدد دی تھی۔