چین اور پاکستان مل کر ایک نئی دنیا تعمیر کر رہے ہیں ،ممنون حسین،جس کی بنیاد اقتصادی راہداری پر ہے، آئندہ چند برسوں میں ملک سیاحوں کیلئے جنت ہوگا، سیاحت کے انفراسٹریکچر پر کام کرنا ہوگا، ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے، قوم متحد ہے،صدر مملکت کی تاجروں کے نمائندوں سے گفتگو

اتوار 12 اپریل 2015 04:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اپریل۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان مل کر ایک نئی دنیا تعمیر کر رہے ہیں جس کی بنیاد اقتصادی راہ داری پر ہے، آئندہ چند برسوں میں ملک سیاحوں کے لئے جنت ہوگا اب ہمیں سیاحت کے انفراسٹریکچر پر کام کرنا ہوگا، ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے قوم متحد ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں تاجر برادری کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات کرنے والوں میں ہارون اگر، روٴف عزیز اور حنیف لاکھانی سمیت دیگر شامل تھے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ 18ویں ترمیم کی روح کے مطابق وفاق اور صوبے مل کر کام کر رہے ہیں اور آئین کی روح کے مطابق کام کرنے میں ملک میں قانون کی حکمرانی یقینی ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام اور بے روز گاری کے خاتمے کے لئے قرضے دینے کیلئے حکومت اس سلسلے میں حکمت عملی اور پالیسی پر کام کر رہی ہے اس لئے ضروری ہے کہ حکومت کو اطمینان کے ساتھ کام کرنے دیا جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر ایک نئی دنیا کی تعمیر کر رہے ہیں جس کی بنیاد اقتصادی راہ داری ہوگی یہ اقتصادی راہداری انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی جس سے پورا خطہ استفادہ حاصل کرے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی راہ داری میں انصاف کے تقاضوں کے مطابق کام ہوگا کسی علاقے کو کسی دوسرے علاقے پر ترجیح دئیے بغیر خالصتاً میرٹ پر ہوگی اس کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو عوام مسترد کر دیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت اور فوج میں اتفاق رائے سے ملک کے تمام حصوں سے دہشت گردی، بدامنی کا خاتمہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے مثبت نتائج بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔