وزیراعظم کی پی ایچ ایف کو یقین دہانی ، اولمپک کوالیفائنگ راوٴنڈز کی تیاری کیلئے ملتوی ہونے والا ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج دوبارہ شروع ہو گا،سابق اولمپیئن طاہر زمان کو قومی ٹیم کا کوچ مقرر کئے جانے کا بھی امکان، گرین شرٹس سولہ سے پندرہ مئی کے دوران ٹیسٹ سیریز کھیلے گی، رانا مجاہد کا بھارتی امداد مسترد کرکے پاکستان پر بھروسے کا اظہار ،پاکستان خود مختار ملک ہے ، فیڈریشن میں فنڈنگ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ، اسحاق ڈار

اتوار 12 اپریل 2015 04:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اپریل۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فنڈز دینے کی یقین دہانی کے بعد اولمپک کوالیفائنگ راوٴنڈز کی تیاری کیلئے ملتوی ہونے والا ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ اتوار سے دوبارہ شروع ہو گا۔اتوار سے یہاں جوہر ٹاوٴن کے ہاکی اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے کیمپ میں اولمپک کوالیفائنگ راوٴنڈ کے علاوہ دیگر دو ٹورنامنٹس کے بھی تیاریاں ہو گی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق اولمپیئن طاہر زمان کو قومی ٹیم کا کوچ مقرر کئے جانے کا بھی امکان ہے۔

قومی ٹیم کو دو مئی سے دس مئی تک آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں چار ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لینا ہے جس کے بعد جنوبی کوریا کے شہر انچیون میں گرین شرٹس سولہ سے پندرہ مئی کے دوران ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔

(جاری ہے)

جون میں گرین شرٹس بیلجئیم میں اولمپک کوالیفائنگ راوٴنڈ یعنی ورلڈ ہاکی لیگ میں حصہ لے گی۔یاد رہے کہ مالی مسائل سے دوچار پی ایچ ایف نے دو اپریل کو اسلام آباد میں جاری کیمپ فنڈز کی کمی کے باعث ملتوی کردیا تھا، جس کے بعد انڈین ہاکی فیڈریشن نے پی ایچ ایف کو مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔

تاہم، سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے انڈین امداد مسترد کرتے ہوئے حکومت پاکستان پر بھروسے کا اظہار کیا۔ہاکی پیٹرن چیف نوازشریف نے پی ایچ ایف کو فنڈز دینے کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا کہ فیڈریشن میں فنڈنگ کا کوئی مسئلہ نہیں پاکستان خود مختار ہے ہاکی کیلئے بھارت سے امداد کی ضرورت نہیں ۔