حلقہ این اے246 کے حالات ٹھیک نہیں، کسی بڑی شخصیت کا قتل ہوا تو سندھ میں گورنر راج لگ جائے گا،نبیل گبول،مجھے پیپلز پارٹی میں جانے سے کوئی نہیں روک سکتا،لیاری سے نئی سیاست کا آغاز کررہا ہوں،لیاری کی عوام جو فیصلہ کرے گی قبول ہوگا،ایم کیو ایم میں جانا سیاست کی سب سے بڑی غلطی تھی ،قوم سے معافی معانگتا ہوں،دورہ لیاری کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

اتوار 12 اپریل 2015 04:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اپریل۔2015ء)ایم کیو ایم کی سیٹ سے مستعفی ہونے والے رکن نبیل گبول نے کہا ہے کہ حلقہ این اے246 کے حالات خراب نظر آرہے ہیں،کسی بڑی شخصیت کا قتل ہوا تو سندھ میں گورنر راج لگ جائے گا،ضمنی الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں ،مجھے پیپلز پارٹی میں جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لیاری کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

نبیل گبول نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو چھوڑنے کے بعد لیاری سے اپنی سیاست کا آغاز کررہا ہوں،لیاری کی عوام میرے ووٹرز ہیں جو بھی فیصلہ کریں گے مجھے قبول ہوگا،انہوں نے کہا کہ لیاری کی عوام مجھے ایم کیو ایم میں نہیں دیکھنا چاہتے تھے اس لئے ایم کیو ایم کو خیرباد کہہ دیا ہے،ایم کیو ایم کی پارٹی کو جوائن کرنا میری سیاست کی سب سے بڑی غلطی تھی اس سے میں لیاری اور قوم سے معافی مانگتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیاری میں ایم این اے اور ایم پی اے عزیز بلوچ کے لوگ ہیں،انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے246 میں حالات ٹھیک نظر نہیں آرہے ،الیکشن سے قبل کوئی بڑا حادثہ ہو سکتا ہے اگر کسی بڑی شخصیت کا قتل ہوا تو سندھ میں گورنر راج لگ جائے ،انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں فوج ہی شفاف الیکشن کراسکتی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سارا دن سوئے رہتے ہیں ان کو کراچی کی عوام کا کچھ پتہ نہیں ہوتا