پاکستان اور افغانستان کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور تجارتی روابط کو جدید خطوط پر استوار کرنے پراتفاق،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو کے درمیان ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال

بدھ 15 اپریل 2015 04:59

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 اپریل۔2015ء) پاکستان اور افغانستان نے تعلقات کو مزید مستحکم اور باضابطہ بنانے اور تجارتی روابط کو باقاعدہ طور پر جدید خطوط پر استوار کرنے پراتفاق کیاہے ۔ یہ اتفاق منگل کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر عبد الله عبد الله کے درمیان یہاں ملاقات میں کیاگیا خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے سینٹروں اور صوبائی وزراء واراکین اسمبلی کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران پر مشتمل ایک وفد بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھا کابل کے اسپیدار محل میں ہونے والی دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے افغان چیف ایگزیکٹیو کو خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت کے ایجنڈے اور اس کی تکمیل کیلئے کی گئی اصلاحات اور دیگر اقدامات سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صوبہ خیبرپختونخوا کو پہنچنے والے سماجی و اقتصادی نقصانات کا بھی تفصیلی ذکر کیا اور صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے حوالے سے صوبے کی داخلی سیکورٹی کے اقدامات پر روشنی ڈالی دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی تعلقات پر بھی گفتگو کی اور ان تعلقات کو مزید مستحکم اور باضابطہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا وزیراعلیٰ نے افغان چیف ایگزیکٹیو کو خصوصاً ٹرانزٹ ٹریڈ کے باعث خیبرپختونخوا کو درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا اور ان تجارتی روابط کو باقاعدہ طور پر جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت چونکہ تمام شعبوں میں اصلاحات لاکر انہیں خودکار اور باقاعدہ بنانے کے اقدامات کررہی ہے اسلئے افغانستان کے ساتھ تجارتی روابط میں موجود خامیوں کو دور کرنے کیلئے ان روابط کو اصلاحات کے دائرے میں لانا بھی صوبائی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات دونوں ممالک کے مفاد میں ہوں گے افغان چیف ایگزیکٹیو نے خیبرپختونخوا کے طرز حکومت کو سراہتے ہوئے کہاکہ افغان حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے علاوہ دو طرفہ ثقافتی تعلقات کے فروغ میں بھی گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک افغانستان کے دو روزہ دورے پر منگل کو کابل پہنچے ۔؎