2017ء تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دینگے ،عابد شیر علی،دو سالوں میں بجلی کی پیدا وار کے کئی نئے منصوبے شروع کئے گئے جس سے 1700میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی،مزید 3600میگا واٹ آئندہ دو سالوں تک سسٹم میں شامل ہو جائے گی،وزیر مملکت کا کھلی کچہری سے خطاب

بدھ 15 اپریل 2015 04:31

لالہ موسیٰ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 اپریل۔2015ء )وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چودھری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ 2017ء تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دینگے ،گذشتہ دو سالوں میں بجلی کی پیدا وار کے کئی نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جس سے 1700میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو گئی ہے جبکہ مزید 3600میگا واٹ آئندہ دو سالوں تک سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر میں اور میرے دیگر افسران کھُلی کچہریوں کی صورت میں عوام کی عدالت میں حاضر ہیں۔ لوگوں کے مسائل اُنکی دہلیز پر حل کرنے کیلئے کھةلی کچہریوں کا یہ سلسلہ پاکستان بھر میں جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ریسٹ ہاؤس گجرات میں صارفینِ بجلی کے مسائل اور شکایات کے حل کیلئے منعقدہ کھُلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ عوامی حکومت نے پاکستان کو ترقی کے سفر پر گامزن کر دیا ہے جس کی منزل بہت قریب ہے اور ترقی کا یہ سفر اسی طرح جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیدنگ نہیں کی جا رہی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول تاجر برادری کے ساتھ مشاورت سے تیار کیا جا رہے ، دو سال پہلے 18سے20گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی لیکن اب لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ محض 6سے8گھنٹے رہ گیا ہے جسے مزید کم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے عوام میں بجلی بچت کے شعور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلہ میں پاکستان بھر میں مارکیٹو ں کی 8بجے بندش، شادی ہال 10بجے جبکہ ریستورنٹ کیلئے11بجے تک کا ٹائم طے کیا گیا ہے اس پروگرام پر عملدرآمد کیلئے عوام کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ صارفین کے مسائل کے حل کے سوا ملازمین کے پاس کوئی چارہ نہیں ہے سائلین ذمہ داری کے ساتھ شکایت لائیں اگر کوئی بھی ملازم ذمہ دار پایا گیا تو اُسے ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر سے بجلی چوری،بد عنوانی اور کرپشن کے خاتمہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اپنی آنے والی نسلوں کیلئے ایک روشن پاکستا ن کا خواب دیکھا ہے اور اس خواب کی تکمیل تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، بجلی چوروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ۔چور اور ایماندار صارف میں فرق نظر آنا چاہئے جو بل دے گا وہی بجلی لے گا ۔

بعدازاں انہوں نے گجرات چیمبر آف کامرس کے اراکین کے ساتھ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری ملکی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لہذا انڈسٹری کی ترقی کامطلب پاکستان کی ترقی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ چین کے تعاون سے بجلی پیدا کرنے کے متعدد پراجیکٹ پر کام جاری ہے اسی مہینہ میں چین کے صدر کی پاکستان آمد متوقع ہے جس میں مزید پراجیکٹ سائن کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد بہت سارے مسائل وراثت میں ملے 480ارب کا سرکل ڈپٹ دینا پڑا ، ان تمام مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم پاکستان اور اُن کی ساری ٹیم دن رات مصروفِ عمل ہیں۔ کھُلی کچہری میں چیف ایگزیکٹوگیپکو ظہور احمد چوہان، ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ، اراکین پارلیمنٹ نوابزادہ مظہر علی خاں، حاجی ناصر، عمران ظفر، صدر گجرات چیمبر ثاقب اسحاق ،مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب کے جوائنٹ سیکرٹری محمد شعیب بٹ،یوتھ ونگ گوجرانوالہ کے صدر ولید بٹ، ملک مظہر علی اعوان، مظفر حسین ڈاہر، میاں غلام حسین چڈھڑ، ندیم سندھو، ممبران اسمبلی ، سیاسی شخصیات، گیپکو کے سینئر افسران ،سی بی اے یونین کے عہدیدران، صحافیوں ، گیپکو ملازمین اور سائلین کی کثیر تعداد نے شرکت کی

متعلقہ عنوان :