بینک آف پنجاب بدعنوانی کیس،مرکزی ملزم ہمیش خان کی ضمانت منظور ،رہا کر نے کا حکم ،کسی شخص کی آزادی کو سلب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،سپریم کورٹ

بدھ 15 اپریل 2015 04:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 اپریل۔2015ء)سپریم کورٹ نے بینک آف پنجاب بدعنوانی کیس کے مبینہ طور پر مرکزی ملزم ہمیش خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے جس کے لئے ایک کروڑ روپے کے مچلکے داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ہمیش خان کو عدالتی حکم پر بیرون ملک سے پاکستان لایا گیا تھا اور احتساب عدالت کے حکم پر جیل میں تھے ۔

جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی وفد نے منگل کے روز کیس کی سماعت کی اس دوران ہمیش خان کے وکیل نے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ ان کا موکل تمام تر پیسہ واپس کر چکے ہیں اور اب ان کے ذمہ کچھ قابل ادا نہیں ۔ان کی آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے آئین کے مطابق کسی شخص کو غیر قانونی طور پر حراست میں نہیں رکھا جا سکتا ۔

(جاری ہے)

جس پر جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ ہم کسی شخص کی آزادی کو سلب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

ہمیش خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کو ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں جس پرعدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کے مچلکے رجسٹرار کے پاس داخل کرنے کا حکم دیا ۔ واضح رہے کہ ہمیش خان پر مبینہ طور پر بنک آف پنجاب سیبدعنوانی کے ذریعے اربوں روپے کا قرض لینے کے معاملات ہیں ۔عدالت نے اس بات کا ازخود نوٹس لیا تھا اور ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :