والد کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں، پارٹی کے نظریات اور مقاصد کے ساتھ ہوں، والد کے ساتھ مل کر پارٹی کو متحرک کرونگا،مناسب وقت پر پارٹی کی مکمل طور پر سیاسی قیادت کرونگا ‘پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیان ،دبئی میں آصف زرداری اور بلاو ل بھٹو کی ملاقات کے بعد باپ بیٹے میں اختلافات کو دم توڑ دینا چاہیے، ترجمان

بدھ 15 اپریل 2015 04:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 اپریل۔2015ء) پیپلز پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ میڈیا کے کچھ حصوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین کے اختلافات کی قیاس آرائیوں کو دبئی میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد دم توڑ دینا چاہیے،بلال بھٹو زرداری پارٹی کی سینئر قیادت کے ساتھ پالیسی امور اور پارٹی کی تنظیم کے لئے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ فی الحال پاکستان کی امن و امان کی صورتحال ایسی نہیں کہ بھٹو خاندان کا کوئی فرد آزادی سے کام کر سکے اس لئے فی الوقت بلال بھٹو زرداری پارٹی کی سینئر قیادت کے ساتھ پالیسی امور اور پارٹی کی تنظیم کے لئے کام کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین نے فیصلہ کیا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری پارٹی کی اوورسیز تنظیم کے ساتھ کام کریں گے اور پاکستان میں پارٹی کی دیگر قیادت کے ساتھ وقتاً فوقتاً رابطے کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کے اپنے والد کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ وہ پارٹی کے نظریات اور مقاصد کے ساتھ ہیں اور اپنے والد کے ساتھ مل کر پارٹی کو متحرک کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مناسب وقت پر پارٹی کی مکمل طور پر سیاسی قیادت کریں گے۔

متعلقہ عنوان :