وٹامن والی دوائیں کینسر اور دل کی بیماریوں کا سبب بنتی ہیں، تحقیق،صرف قدرتی غذاوٴں کا استعمال وٹامن کی کمی کو پورا کرسکتا ہے،ماہرین

جمعرات 23 اپریل 2015 04:56

کولو ریڈو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 اپریل۔2015ء) امریکا میں کی گئی ایک تحقیق میں وٹامن فراہم کرنے والے داوٴں کے فائدے کے ساتھ ساتھ اس کے نقصانات سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔امریکی یونیورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ملٹی وٹامن دواوٴں کا زیادہ استعمال کینسر اور دل کی بیماریوں کا سبب بنتی ہیں، جو افراد ملٹی وٹامن دواوٴں کا زیادہ استعمال کرتے ہیں انہیں صحت کے حوالے سیاکثر مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی میں شعبہ انسداد سرطان کے ایک پروفیسر کا کہنا تھا کہ تحقیق کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ غذائی سپلیمنٹس کے صحت پر انتہائی مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اس کے زیادہ استعمال سے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ برطانیہ کی ایک رپورٹ کے مطابق فوڈسپلیمنٹس کی صنعت نے سال 2012 میں 400 ملین یورو کا بزنس کیا تھا تاہم امریکی یونیورسٹی کے ان انکشافات نے فوڈ سپلیمنٹس کی صنعت پر متعدد سوالات اٹھادیئے ہیں۔واضح رہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں وٹامن سے بھرپور دواوٴں کے استعمال کا رجحان بڑھ رہا ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ غذائی سپلیمنٹس کے وسیع اور بڑے پیمانے پر استعمال کی کوئی معقول وجہ نظر نہیں آتی جب کہ صرف قدرتی غذاوٴں کا استعمال وٹامن کی کمی کو پورا کرسکتا ہے۔