نواز شریف ملک میں فیملی سیاست نہ کریں‘ طرز حکمرانی تبدیل کریں انہیں پاکستان کا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں‘ خورشید شاہ

جمعرات 23 اپریل 2015 04:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 اپریل۔2015ء) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنا طرز حکمرانی تبدیل کریں فیملی سیاست نہ کریں بلکہ میرٹ پر فیصلے کریں یمن کی صورتحال پر پارلیمنٹ کی قرار داد سے ایک انچ بھی حکومت کو ادھر ادھر نہیں ہونے دیں گے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے ممبران کو دوبارہ کمیٹیوں میں شامل کریں گے ۔

اب ممبران نے اجلاسوں میں آنا شروع کردیا ہے انہوں نے کہا کہ پی اے سی کی کارکردگی بھی بہتر بنائیں گے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کیلئے اہم ہے لیکن اس سے کسی صوبے کانقصان نہیں کرنا چاہتے تمام صوبوں کو اس معاہدے کے مالی اثرات سے یکساں فائدہ ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ یمن کی صورتحال مذاکرات سے بہتر ہوگی ہم نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا جو کہ پورا ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کے سعودی عرب آنے جانے پر اعتراض نہیں ہمیں اس سے غرض نہیں کہ کون سعودیہ جارہا ہے ہم قومی فیصلے پارلیمنٹ میں کریں گے گورنر سندھ سے الطاف حسین کی لاتعلقی بارے کہا کہ یہ ناراضگی ہوسکتی ہے تاہم گورنر وفاق کی علامت ہوتا ہے سندھ حکومت کا اس سے کوئی غرض نہیں۔ نواز شریف حکومت بارے کہا کہ ہم نواز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں نواز شریف فیملی سیاست نہ کریں ہر اہم عہدے اپنے گھر والوں میں نہ بانٹیں بلکہ میرٹ اپنائیں۔