بھارت، کیجریوال کے جلسے میں کسان نے درخت سے لٹک کر خودکشی کر لی

جمعرات 23 اپریل 2015 04:56

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 اپریل۔2015ء) بھارت کے دارالحکومت دہلی میں ایک کسان نے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے جلسے کے دوران درخت سے لٹک کر خودکشی کر لی ہے۔اس جلسے کا انعقاد عام آدمی پارٹی نے کسانوں کو درپیش مسائل پر توجہ مبذول کرانے کے لیے کیا تھا۔کسان خودکشی کرنے پر مجبور کیوں ہیں؟کسان پارلیمان کے احاطے سے کچھ ہی فاصلے پر جمع تھے اور جلسے سے عام آدمی پارٹی کے رہنما خطاب کر رہے تھے کہ ریاست راجھستان سے تعلق رکھنے والے کسان گجیندر سنگھ گلے میں پھندا ڈال کر درخت سے لٹک گئے۔

وہاں موجود لوگوں اور پولیس نے انھیں ہسپتال پہنچایا لیکن ڈاکٹروں کے مطابق وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔پولیس کے مطابق گجیندر سنگھ نے ایک خط چھوڑا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ بے موسم برسات سے ان کی فصل تباہ ہوگئی ہے اور اب ان کے پاس اپنے تین بچوں کو پالنے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بھارت میں خراب موسم کی وجہ سے گندم کی فصل کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور ملک کے بہت سیعلاقوں میں کسان بہت پریشان ہیں۔

حکومت نے کسانوں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے اور کئی ریاستوں میں نقصان کا صحیح اندازہ لگانے کے لیے سروے کیے جا رہے ہیں لیکن حزب اختلاف کے مطابق یہ اقدامات ناکافی ہیں۔ ملک میں اس وقت فصل کی تباہی اور زمینوں کو حاصل کرنے سیمتعلق قانون پر بحث جاری ہے۔ حکومت نے کسانوں کی زمین حاصل کرنے سے متعلق شرائط میں نرمی کی ہے لیکن حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے اس کی سخت مخالفت کی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق کسانوں کے لیے یہ سال مشکل ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ فی الحال ایسا لگتا ہے کہ اس مرتبہ برسات میں بارش کم ہو گی۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کا الزام ہے کہ حکومت صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے کسانوں کی زمینیں حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن حکومت کا موقف ہے کہ سابقہ قانون کی وجہ سے اقتصادی ترقی کی رفتار متاثر ہو رہی تھی اور اس نے قانون میں ترمیم کرتے وقت کسانوں کے حقوق کا خاص خیال رکھا ہے۔ اتوار کو اسی سلسلے میں کانگریس پارٹی نے بھی دہلی میں ایک بڑا جلسہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :