دہشت گردی اور فرقہ واریت کیخلاف جنگ ہر محاذ پر لڑی جائے گی،سفاک درندوں کیخلاف فیصلہ کن ایکشن ہو رہاہے:شہبازشریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کی ملاقات، نیشنل ایکشن پلان پر مزید موثر اقدامات پر اتفاق ، وزیراعلیٰ نے انسداد دہشت گردی کیلئے پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں کو سراہا، قومی عزم کی تعریف ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 23 اپریل 2015 04:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کے مابین آج ملاقات ہوئی جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پاک افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بیش قیمت اور لازوال قربانیوں کو سراہا اور ملک میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی تعریف کی ۔

ملاقات میں صوبہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر مزید موثر اور تیز رفتاری سے مربوط اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔

دہشت گردی ، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف پوری قوم یکسو ہے۔ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف جنگ ہر محاذ پر لڑی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسروں، جوانوں، پولیس حکام ، اہلکاروں اور عام شہریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم کو شہداء کی قربانیوں پرفخر ہے۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی چن چن کر خاتمہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کا مکمل صفایا کرکے دم لیں گے۔ پاکستان کو محفوظ اور پرامن ملک بنانا ہر پاکستانی کا مشن ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداددہشت گردی کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری اور بروقت اقدامات کئے ہیں اور قوانین میں ضروری ترامیم کرکے سزاؤں کو سخت کیا گیاہے۔

پاک افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے موثر اقدامات کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے دہشت گردی، انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کچلنے کا پختہ عزم کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفاک درندوں کیخلاف فیصلہ کن ایکشن کیا جارہا ہے اور پوری قوم افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

آج پاکستانی قوم میں نیا جذبہ، عزم اور بھرپور قوت موجود ہے اور انشاء اللہ ہم سب قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان کو بچانے کی جنگ ہر قیمت پر جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین تربیت یافتہ فوج ہے جو اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور انشاء اللہ افواج پاکستان پوری قوم کی تائید اور حمایت سے امن کے دشمنوں کو شکست فاش دیں گی اور ملک دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے موجودہ غیر معمولی صورتحال غیر معمولی اقدامات کیے جارہے ہیں اوران غیر معمولی اقدامات کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری آئندہ نسلوں کی بقاء کی جنگ ہے اورہم سب نے ملکر پاکستان کا کھویا ہوا امن اسے ہرقیمت پر لوٹانے کا عزم کر لیا ہے اور فیصلہ کر لیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کیلئے پاک سرزمین پر کوئی جگہ نہیں۔قوم کے پختہ عزم سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے

متعلقہ عنوان :