ٹوبہ ٹیک سنگھ ،ناکارہ ہونے کے باعث ریلوے ٹریک کا ایک فٹ ٹکڑا ٹوٹ گیا،مسافر ٹرین معجزانہ طور پر گزر گئی ،دوسری مال بردار گاڑی کے ڈرائیور نے سگنل کے باوجود ٹریک کی حالت مشکوک ہونے پر بریک لگا دی

جمعہ 31 جولائی 2015 09:33

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 جولائی۔2015ء)ناکارہ ہونے کے باعث ریلوے ٹریک کا ایک فٹ ٹکڑا ٹوٹ گیا ،مسافر ٹرین معجزانہ طور پر وہاں سے گزر گئی ،جبکہ دوسری طرف سے آنے والی مال بردار گاڑی کے ڈرائیور نے سگنل ہونے کے باوجود ٹریک کی حالت مشکوک ہونے پر بریک لگا دی، ریلوے پھاٹک سے تقریباً دو سو گز کے فاصلہ پر انڈر پاس کی طرف ریلوے ٹریک کے جوڑ سے ٹریک کا تقریباً ایک فٹ ٹکڑا ناکارہ ہونے کے باعث اکھڑ گیا ،جس سے کراچی سے فیصل آباد کی طرف جانے والی مسافر ٹرین ملت ایکسپریس معجزانہ طور پر محفوظ گزر گئی اور کسی بڑے حادثہ سے محفوظ رہی ،جبکہ تھوڑی دیر بعد ہی گوجرہ کی طرف سے آنے والی مال بردار گاڑی کے گزرنے کیلئے ریلوے پھاٹک بند کرکے سگنل ڈاؤن کردیا گیا تھا ،مال بردار گاڑی ٹوٹے ہوئے ٹریک سے چند گز کے فاصلہ پر انڈر پاس سے آگے نکل کر اچانک رک گئی ،گاڑی کے ڈرائیور نے مقامی ریلوے انتظامیہ کو اس کے متعلق آگاہ کیا تو فوری طور پر ٹریک کا ٹوٹا ہوا حصہ تبدیل کرنے کا کام شروع کردیا گیا ،اور ایک گھنٹہ مسلسل کام کے بعد ٹریک کو بحال کردیا گیا،اور مال بردار ٹرین اپنی منزل مقصود کی طرف روانہ ہوگئی ۔

متعلقہ عنوان :