چیئرمین سینٹ کا ایوان میں متعلقہ وزراء کی عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار،تین بار وزراء کی موجودگی کیلئے رولنگ دے چکا ہوں، یہی روش برقرار رہی تو وزراء کے سینٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردونگا ،رضا ربانی

بدھ 16 ستمبر 2015 09:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2015ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ایوان میں متعلقہ وزراء کی عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تین بار وزراء کی موجودگی کیلئے رولنگ دے چکا ہوں اگر یہی روش برقرار رہی تو وزراء کے سینٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردونگا۔

(جاری ہے)

منگل کے روز سینٹ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کے ایوان سے چلے جانے پر چیئرمین سینٹ نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر مملکت آ فتاب شیخ ہر مرض کی دوا ہے وزراء کا ایوان میں اس وقت تک موجود رہنا ضروری ہے جب تک ان کی وزارت سے متعلق سوالوں کے جواب فراہم کئے جائیں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تین بار رولنگ جاری کرچکا ہوں لگتا ہے کہ وزراء ایوان بالا کو کوئی اہمیت نہیں دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر یہی روش برقرار رہی تو مجھے بھی سخت اقدامات اٹھانا پڑینگے اور وزراء کا سینٹ میں داخلہ بند کر دونگا ۔

متعلقہ عنوان :