پنجاب میں کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائیگا‘ شہبازشریف،وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، امن عامہ کی مجموعی صورتحال اورنیشنل ایکشن پلان کے تحت اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، دہشت گردی کیخلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے، پاک افواج کے کامیاب آپریشن سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے ،پوری قوم کو پاک افواج کے افسروں،جوانوں،پولیس حکام ،اہلکاروں، سیاستدانوں اورشہریوں کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے،موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں ، پولیس کو اپنے فرائض جانفشانی اور محنت سے سرانجام دینا ہوں گے، اشتعال انگیز لٹریچر کی تقسیم و اشاعت کیخلاف بلاامتیا ز کارروائی جبکہ لاؤڈسپیکر اور وال چاکنگ پر پابندی کے قانون پرعملدرآمدکرایا جائے، دہشت گردی،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خلاف ہر محاذ پرفیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے،وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

بدھ 16 ستمبر 2015 08:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت گزشتہ روز یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال اورنیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر عملدرآمد پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا-اجلاس میں ملتان میں ہونے والے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملتان دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے-معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک قاتل اپنے عبرتناک انجام سے د وچار ہوں گے-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن وامان کی فضا ء کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھارہی ہے ۔

امن عامہ کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اورامن وامان کی بہتری کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہاہے-جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے بھی موثراقدامات کئے گئے ہیں-انہوں نے کہاکہ دہشت گردی وانتہاپسندی کے خاتمے کیلئے قومی اتفاق رائے سے طے کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے میں بروقت اورموثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں جس کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح اور ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ہر ضروری اقدام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی ،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔ دہشت گردی،انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے خلاف ہر محاذ پرفیصلہ کن جنگ لڑی جارہی ہے۔

موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں اوراس صورتحال کے تناظر میں پولیس کو اپنے فرائض جانفشانی اور محنت سے سرانجام دینا ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں مساجد،امام بارگاہوں اور عبادتگاہوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ناصراضافی نفری تعینات کی جائے بلکہ حساس مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہاکہ منافرت پر مبنی لٹریچر کی تقسیم و اشاعت کیخلاف بلاامتیازکارروائی جاری رکھی جائے اور لاؤڈسپیکر اور وال چاکنگ پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر کسی صورت برداشت نہیں اور ایسی تقاریر کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کاروائی کی جائے کیونکہ معاشرے میں بھائی چارے، امن، اخوت اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ تمام متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں- انہوں نے کہاکہ لاہو رسمیت پنجاب بھر میں موثر انداز میں سرچ آپریشن مزید تیز کئے جائیں -سرچ آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی سے بھرپوراستفادہ کیا جائے-شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا پوری قوت سے قلع قمع کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لئے بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی- وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے ۔

پاک افواج کے کامیاب آپریشن” ضرب عضب“ سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج کے افسروں،جوانوں،پولیس حکام ،اہلکاروں، سیاستدانوں اورشہریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اورپوری قوم کو شہداء کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے ۔وطن عزیز کے امن کیلئے اپنی زندگیاں نچھاور کرنے والے18کروڑ عوام کے ہیروہیں۔شہدا ء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

دہشت گردی کے ناسور کاخاتمہ کر کے دم لیں گے اورپرامن معاشرے کی تشکیل کے لئے دہشت گردی اورانتہاء پسندی کوجڑسے اکھاڑ پھینکیں گے-آئندہ نسل کو پرامن اورمحفوظ پاکستان دینے کا وعدہ پورا کریں گے -اجلاس میں ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری ، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری اطلاعات،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی -صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله راولپنڈی سے جبکہ کمشنر ملتان ڈویژن، آرپی او ملتان ، ڈی سی اوملتان اور سی پی او ملتان کمشنر آفس ملتان سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔