سمارٹ میٹرنگ پراجیکٹ،عبدالحکیم لاہور موٹروے سیکشن، اسلام آباد نیو ائیرپورٹ روڈ نیٹ ورک ،ایکنک نے220ارب کے منصوبوں کی منظوری دیدی،آئیسکو میں سمارٹ میٹرنگ انفراسٹرکچر پروجیکٹ پر 18 ارب روپے،لیسکو میں 30 ارب روپے کی لاگت آئے گی،لوڈ منیجمنٹ کو کنٹرول کیا جاسکے گا،سیکرٹری پانی و بجلی،150ارب لاگت کے عبدالحکیم لاہور موٹروے سیکشن سے پیر محل‘ سمندری‘ گوجرہ‘ تاندلیانوالہ‘ جڑانوالہ بچیکی‘ ننکانہ صاحب‘ شیخوپورہ کے علاقہ کور ہوں گے،اسلام آباد نیو ائیرپورٹ پر سولہ ارب روپے کے دو منصوبوں کی منظوری،چار فیز میں منشتمل روڈ نیٹ ورک کی تعمیر پر 11 ارب 29 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی

اتوار 15 نومبر 2015 09:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15نومبر۔2015ء) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے مجموعی طور پر 220 ارب روپے کے تین منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعدد منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اجلاس کے بعد جاری ہونیوالے اعلامیہ کے مطابق آئیسکو اور لیسکو میں سمارٹ میٹرنگ انفراسٹرکچر پروجیکٹ کی منظوری دیدی گئی۔

آئیسکو میں سمارٹ میٹرنگ انفراسٹرکچر پروجیکٹ پر 18 ارب روپے جبکہ لیسکو میں سمارٹ میٹرنگ انفراسٹرکچر پروجیکٹ پر 30 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ منصوبہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے سیکرٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ اس منصوبہ سے دونوں ڈسکوز میں لوڈ کنٹرول اورلوڈ منیجمنٹ کو کنٹرول کیا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

اے ایم آئی منصوبہ لاسز کو کم کرے گا جبکہ بجلی کی سپلائی کو بہتر بنائے گا اور سسٹم کے کام کرنے کے بعد لوڈ شیڈنگ کو کنٹرول کیا جاسکے گا۔

اے ایم این کے ذریعے بجلی کی سپلائی اور ڈیمانڈز پر نظر رکھی جاسکے گی۔ ایکنک نے لاہور کراچی موٹر وے کے عبدالحکیم لاہور سیکشن پر غور و خوض کیا اور پندرہ کھرب لاگت کے منصوبہ کی منظوری دے دی اس منصوبہ سے عبدالحکیم ‘ پیر محل‘ سمندری‘ گوجرہ‘ تاندلیانوالہ‘ جڑانوالہ بچیکی‘ ننکانہ صاحب‘ شیخوپورہ اور لاہور کے علاقہ کور ہوں گے۔

اس منصوبہ کے تحت 230 کلومیٹر پر چھ رویہ روڈ تعمیر کی جائے گی۔ اسلام آباد نیو ائیرپورٹ پر سولہ ارب روپے کے دو منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ چار فیز میں منشتمل روڈ نیٹ ورک کی تعمیر پر 11 ارب 29 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبہ کی منظوری کے بعد وزیر خزانہ نے خزانہ‘ کمیونیکیشن اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے حکام پر مشتمل کمیٹی بنا دی جو فیز تھری کے تحت لنک روڈ سے ائیرپورٹ کو ملانے والی سڑک کی تعمیر میں معاونت کیلے سرمایہ کاروں کا تعین کرے گا ایکنک نے سندھ مین سیلاب کی وجہ سے تباہ ہونے والی سڑکوں کی بہتری کے منصوبہ کی 22 ارب سے زائد رقم کی منظوری دے دی اس منصوبہ کے تہت کشمور ‘ کندھ کوٹ ‘ لاڑکانہ‘ سانگھڑ‘ ٹنڈو آدم ‘میرپور خاص‘ ٹنڈو محمد خان اور بدین کے علاقوں میں سڑکوں کو دوبارہ تعمیر کرنا اور بہتر حالت میں بنانا شامل ہیں۔

کمیٹی نے وزارت پانی و بجلی کی ڈسو ہائیڈرو پروجیکٹ سے متعلق زمین کے حصول کے منصوبہ کی بھی منظوری دے دی اس منصوبہ کو ورلڈ بینک کی معاونت سے نافذ کیا جائے گا۔