بلدیاتی نظام کی بدولت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے تعمیر وترقی کا عمل مزید تیز ہوگا، رانا ثناء اللہ، لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے عملی اطلاق کے مرحلے میں بلدیاتی نمائندوں کے لئے درکاراختیارات سے متعلق اس قانون میں ترمیم بھی کی جاسکے گی تاکہ یونین وسٹی کونسلز کو صحیح معنوں میں انتظامی وفلاحی اور ترقیاتی یونٹ بنایا جاسکے، نومنتخب چےئرمین /وائس چےئرمین صاحبان کے اعزاز میں ئیہ تقریب سے خطاب

بدھ 9 دسمبر 2015 09:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2015ء)صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام کی بدولت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے تعمیر وترقی کا عمل مزید تیز ہوگا اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے عملی اطلاق کے مرحلے میں بلدیاتی نمائندوں کے لئے درکاراختیارات سے متعلق اس قانون میں ترمیم بھی کی جاسکے گی تاکہ یونین وسٹی کونسلز کو صحیح معنوں میں انتظامی وفلاحی اور ترقیاتی یونٹ بنایا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات سٹی کونسل نمبر35سے نومنتخب چےئرمین چوہدری عبدالغفور کی طرف سے نومنتخب چےئرمین /وائس چےئرمین صاحبان کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ارکان صوبائی اسمبلی محمدنواز ملک،شیخ اعجازاحمد،حاجی خالد سعید کے علاوہ مسلم لیگی رہنماموجو د تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ مےئر،ڈپٹی مےئرز،ضلع کونسل کے چےئرمین/وائس چےئرمین کے عہدوں پر الیکشن لڑنے کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے لئے اپلائی کرنے والے درخواست دہندگان تمام ہمارے امیدوار ہیں لیکن پارٹی قیادت کی طرف سے کئے گئے فیصلوں کو سبھی تسلیم کریں گے جو پارٹی ڈسپلن کی پابندی اورجمہوری طریقہ کارہے۔

انہوں نے کہا کہ نومنتخب چےئرمین/وائس چےئرمین صاحبان کا آپس میں مل بیٹھنا قابل ستائش ہے یہ کوئی لابنگ نہیں بلکہ اجتماعی سوچ سے عوامی خدمت اور ضلعی ترقی کی جانب اہم قدم ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 10سال کے عرصہ کے بعد ایک بار پھر بلدیاتی نمائندوں پر علاقائی تعمیروترقی اور عوامی خدمت کی ذمہ داری ڈالی جارہی ہے لہذا وہ عزم وحوصلے کو برقراررکھیں،دیانتداری اورشفاف انداز سے اس سٹم کو چلائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے چارج سنبھالنے کے بعد اس ضلع کے لئے 100،ارب روپے کا ترقیاتی پیکج لائیں گے جوکہ بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی سکیموں پر خرچ ہوگا جبکہ اس سے قبل 35،ارب روپے کی لاگت سے کینال ایکسپریس وے،جھال چوک انڈرپاس،چلڈرن ہسپتال اور واٹرسپلائی کے میگاپراجیکٹس سمیت دیگر منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے نومنتخب چےئرمین/وائس چےئرمین صاحبان سے کہا کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور غلط فہمیاں پھیلانے والوں سے دوررہیں۔

۔ایم پی اے حاجی خالد سعید نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی بنیادہیں کیونکہ یہ نمائندے نچلی سطح پر عوامی مسائل سے آشنا ہوتے ہیں جن کو حل کرکے وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے ویژن کی تکمیل کریں گے ۔میاں غلام حسین شاہد نے کہا کہ فیصل آباد مسلم لیگ ن کا مضبوط قلعہ ہے اور بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کارکنوں کی جیت نوازشریف اور شہبازشریف سے گہری محبت کا ثبوت ہے ۔میزبان تقریب چوہدری عبدالغفورنے عشائیہ میں شرکت کرنے پر صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خاں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بلدیاتی سربراہوں سے متعلق پارٹی کے فیصلوں کا احترام کریں گے اور ووٹرز کی توقعات پرپورا اترنے کے لئے تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔