برطانیہ اور ترکی کے طویل دورے کے بعد بغیر آرام کئے وزیر اعلی کی زیر صدارت اڑھائی گھنٹے تک اجلاس ، آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ کے ایک برس مکمل ہونے پر شہداء کی لازوال قربانیوں کوبھرپور خراج تحسین پیش کیا جائے گا،شہباز شریف ،16 دسمبر 2014ء کو سفاک درندوں نے معصوم بچوں اور اساتذہ کا نا حق خون بہایا، ان عظیم شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے،آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک دھرتی کو پاک کر کے دم لیں گے ،آرمی پبلک سکول کے شہداء کے حوالے سے پنجاب بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں،وزیر اعلی کا اجلاس سے خطاب

بدھ 9 دسمبر 2015 09:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9دسمبر۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ترکی اور برطانیہ کے طویل دورے سے وطن آمد کے فورابعدآرمی پبلک سکول پشاورکے شہداء 16دسمبر کی عظیم قربانیوں کی یاد میں تقریبات کے انتظامات کے سلسلے میں خصوصی اجلاس کی صدارت کی-وزیر اعلی نے لاہور پہنچنے پر بغیر آرام کئے اپنی سرکاری مصروفیات کا آغاز کیا اور یہ اجلاس اڑھائی گھنٹے تک جاری رہا-وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ کے ایک برس مکمل ہونے پرعظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا-16 دسمبر 2014ء کو سفاک درندوں نے معصوم بچوں اور اساتذہ کا نا حق خون بہایا-ہم ان ننھے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے -انہوں نے کہا کہ وطن عزیز سے آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے - وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کے حوالے سے پنجاب بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں --وزیر اعلی نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہدا ء کی یاد میں اس دن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اس کی اہمیت کبھی کم نہیں ہو گی- انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں- ان شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا- ان کی لازوال قربانیوں کی بدولت پاکستان امن و سلامتی کا گہوارہ بنے گا- انہوں نے کہا کہ بچوں کے خون کے طفیل پوری قوم دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے متحد ہو چکی ہے - پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں -قوم کے مثالی اتحاد سے پاکستان میں امن بحال کر کے دم لیں گے اور دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک دھرتی کو پاک کر کے رہیں گے